اسلام آباد(اُمت نیوز)وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ہم لاہور آتے جاتے ہیں، اگر کوئی پابندی لگاتا ہے تو دیکھ لیں گے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دماغ میں منفی باتوں کے سوا کچھ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم کسی سے رابطے کے مقصد کےلیے نہیں آئے ہیں، ہم لاہور آتے جاتے ہیں، اگر کوئی پابندی لگاتا ہے تو دیکھ لیں گے۔
ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ عمران خان الزام خان ہیں، ان کے حواری بھی ایسی ہی باتیں کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری صاحب کے الزام کے بعد کچھ ایم پی ایز کی کال آرہی ہیں کہ ملاقات کریں۔
صوبائی وزیر نے یہ بھی کہا کہ ان کے پاس لوگ ہیں تو پنجاب اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ لیں، آئیں بائیں شائیں کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کے ایم این ایز عدالت چلے گئے ہیں کہ ہم نے استعفیٰ ہی نہیں دیا، سوال تو یہ ہے کہ جس وزیراعلیٰ کے پاس اکثریت نہ ہو وہ کیوں اور کیسے اسمبلی توڑیں گے؟
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ن لیگ جسے چاہے وزیراعلیٰ بنائے، ہم سپورٹ کریں گے، آصف زرداری نے آج کہہ دیا ہے کہ وزارت اعلیٰ پر حق حمزہ شہباز کا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر 10پر وزارت اعلیٰ ق لیگ کو مل سکتی ہے تو 7 پر پیپلز پارٹی کوکیوں نہیں۔