اسلام آباد(اُمت نیوز)پاکستانی کرکٹر محمد عامر نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی منیجمنٹ کمیٹی کا چیئرمین مقرر ہونے پر نجم سیٹھی کو مبارکباد دی ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز پی سی بی کے معاملات چلانے کے لیے 14 رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی۔
وزیراعظم کی تشکیل کردہ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی ہیں، یہ کمیٹی 120 دن تک پی سی بی کے معاملات چلائے گی۔
خیال رہے کہ نجم سیٹھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں۔
نجم سیٹھی کو منیجمنٹ کمیٹی کا چیئرمین بننے پر ٹیم سابقہ منیجمنٹ سے مایوس ہو کر ریٹائرمنٹ لینے والے محمد عامر نے بھی مبارکباد دی ہے۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں محمد عامر نے تحریر کیا کہ ’صحیح کام کے لیے صحیح آدمی‘، نجم سیٹھی کو بہت مبارک ہو۔
واضح رہے کہ محمد عامر نے دسمبر 2020 میں ٹیم پی سی بی منیجمنٹ سے مایوس ہوکر کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔
عامر منیجمنٹ پر برس پڑے تھے اور کہا تھا کہ مجھے ذہنی طور پر ٹارچر کیا جارہا ہے، اتنا ذہنی دباؤ برداشت نہیں کرسکتا۔
فاسٹ بولر کا یہ بھی کہنا تھا کہ موجودہ ٹیم منیجمنٹ مجھے کھلانا نہیں چاہتی، فی الحال اس منیجمنٹ کی وجہ سے کرکٹ چھوڑ رہا ہوں۔