اسمبلی تحلیل کافیصلہ حتمی ہے،عمران خان کے فیصلے پرعمل ہوگا،پرویزالہیٰ

لاہور(امت نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے کہاہے کہ صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کا فیصلہ حتمی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے فیصلے پرمکمل عملدرآمد ہوگا۔

لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام کو مبارک ہو، عدالت نے گورنرکی آئین شکنی کا راستہ روک دیا ہے۔

پرویزالہٰی نے کہا کہ گورنر پنجاب کی رات کے اندھیرے میں منتخب حکومت پر شب خون مارنے کی کوشش بری طرح ناکام ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کے سلیکٹڈ گورنر نےآرٹیکل 58(2)بی بحال کرنے کی کوشش کی تھی لیکن اس کا راستہ روک دیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت عام انتخابات سے بھاگنا چاہتی ہے، وفاق کے حکمرانوں کو عوام کے کٹہرے میں پیش کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ گورنر کے خلاف آج صوبائی اسمبلی کی قرارداد بہت اہمیت کی حامل ہے۔

اس سے قبل لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ صدر مملکت گورنر پنجاب کے خلاف کارروائی کریں کیونکہ اب اٹھاون ٹو بی کو دوبارہ زندہ نہیں کیا جاسکتا۔