پنجاب اسمبلی میں خاتم النبیینؐ یونیورسٹی، قرآن ایکٹ ترمیمی بل منظور

لاہور (امت  نیوز) پنجاب اسمبلی میں خاتم النبیینؐ یونیورسٹی اورقرآن ایکٹ کا ترمیمی بل متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔

وزیر اعلیٰ چوہدری  پرویزالٰہی نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خاتم النبیینؐ، یونیورسٹی اور قرآن ایکٹ کا بل پنجاب اسمبلی سے پاس ہونے پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتا ہوں، متفقہ طور پر بل کی منظوری پر اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان، پی ٹی آئی، مسلم لیگ ق اور مسلم لیگ ن کے اراکین اسمبلی کا بھی مشکور ہوں

چوہدری  پرویزالٰہی نے کہا کہ تمام اراکین اسمبلی کی جانب سے بل کی منظوری سے مثبت اور اچھا پیغام گیا ہے، تمام سرکاری و نجی سکولوں میں ایف اے تک ناظرہ قرآن کریم کی تعلیم لازمی قرار دی گئی ہے، اس ضمن میں صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن مراد راس کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عمران خان اور ہماری حکومت کے دور میں دین کی سربلندی اور ختم نبوتؐ کے حوالے سے تاریخ ساز قانون سازی ہوئی ہے، اللہ تعالٰی نے دین کی خدمت کی سعادت عمران خان، پی ٹی آئی اور ہمیں دی ہے، اللہ تعالٰی نے ہمیں یہ حکومت محمدؐ کے صدقے عطا کی ہے، اللہ تعالٰی ہی اس کی حفاظت کرے گا، بلاشبہ جو دین کا کام کرتے ہیں اللہ تعالٰی ان کی حفاظت کرتا ہے۔

چوہدری  پرویزالٰہی نے کہا کہ دشمن جو مرضی کر لے یہ حکومت قائم رہے گی، تمام مخالفین کو ندامت اٹھانا پڑے گی، انشاء اللہ دین کے دشمن ہمیشہ ناکام رہے ہیں اور رہیں گے، ہم کسی سے نہیں مانگتے، صرف اللہ تعالٰی اور اللہ کے پیارے نبیؐ سے مانگتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دین دار طبقے کی دعا ہے کہ ہم دین کی خدمت کے کام کو جاری رکھیں، انشااللہ ہم اور ہماری نسلیں دین کی خدمت کے کام کو جاری و ساری رکھیں گی، عام آدمی کو فری لیگل ایڈ کی فراہمی کے لئے پنجاب پبلک ڈیفنڈر سروس بل کی منظوری بھی تاریخی اقدام ہے۔
چوہدری  پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ اس بل کی منظوری سے عام آدمی کو پنجاب حکومت فری لیگل ایڈ دے گی، عام آدمی کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی، جس سے کم وسائل رکھنے والے افراد کو بہت ریلیف ملے گا اور ایک ہزار ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے