لاہور( اُمت نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ ایک حقیقت ہے، ملک میں اب بھی باجوہ ڈاکٹرائن چل رہی ہے، اسٹیلشمنٹ میں اوپر بیٹھا شخص ہی سب کچھ ہوتا ہے، معیشت کی یہی صورتحال رہی تو فروری مارچ تک ملک ڈیفالٹ کر جائے گا، مجھے بند گلی میں دھکیلنے کا مطلب ملک کو بند گلی میں دھکیلنا ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سے اس وقت کوئی رابطہ نہیں، جنرل باجوہ سے رابطہ رہتا تھا، انہوں نے سب کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا کر رکھا، اسٹیبلشمنٹ ایک حقیقت ہے، قانون کی حکمرانی میں وہی کردار ادا کرسکتی ہے، اسٹیلشمنٹ میں اوپر بیٹھا شخص ہی سب کچھ ہوتا ہے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اب بھی باجوہ ڈاکٹرائن چل رہی ہے، حکومت انتخابات 2023 سے آگے لے کر جانا چاہتی ہے، معاشی صورتحال میں انتخابات کو آگے لے کر جانا ممکن نہیں، معیشت کی یہی صورتحال رہی تو فروری مارچ تک ملک ڈیفالٹ کر جائے گا، مجھے بند گلی میں دھکیلنے کا مطلب ملک کو بند گلی میں دھکیلنا ہے۔