ضلع کرم میں معدنیات کی ملکیت پر قبائلی تنازعہ شدید ہو گیا ، تفصیلات کے مطابق ضلع کرم میں معدنیات نکالنےکے تنازعے نے قبائلی جنگ کی شکل اختیار کر لی، فریقین کے مابین شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، پاڑہ چمکنی قبائل کے مورچے میں مارٹر گولہ پھٹنے سے 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ معدنیات نکالنےکے تنازعے پر 5 افراد کے اغوا کے بعد دونوں فریقوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔
اگرچہ گزشتہ روز ضلعی انتظامیہ اور فورسز کی کوششوں سے جرگے کے نتیجے میں 5 مغوی افرادکو بازیاب کرا لیا گیا تھا تاہم دوبارہ فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
اس دوران گنداو کے علاقے میں ایک مورچے میں مارٹر کا گولہ پھٹنے سے پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔
ڈپٹی کمشنر ضلع کرم واصل خان کا کہنا ہےکہ جرگہ اور مزاکرات کے ذریعے مسئلےکے حل کی کوشش کی جارہی ہے۔تاہم دونوں متحارب گروہوں کے درمیان شدید کشیدگی پائی جاتی ہے۔