قومی اسمبلی میں ارکان نے پلے کارڈ لیکر شیم شیم کی آوازیں لگائیں۔فائل فوٹو
قومی اسمبلی میں ارکان نے پلے کارڈ لیکر شیم شیم کی آوازیں لگائیں۔فائل فوٹو

استعفوں کی تصدیق ایک ساتھ نہیں کی جاسکتی، قومی اسمبلی سیکریٹریٹ

اسلام آباد(امت نیوز)قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں سے متعلق صاف کہہ دیا ہے کہ ارکان اسمبلی کے استعفوں کی ایک ساتھ تصدیق نہیں ہوسکتی۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں کی تصدیق سے متعلق  واضح پالیسی کا اعلان کردیا۔   ترجمان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ہر رکن قومی اسمبلی کو ذاتی حیثیت میں اپنے استعفیٰ کی تصدیق کرنا ہوگی۔

ترجمان نے کہا کہ 22 دسمبر کو پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی کی جانب سے بھیجے گئے خط کا جواب ارسال کیا گیا تھا جس میں پی ٹی آئی کے اراکین کی ممکنہ واپسی کا خیر مقدم کیا وہیں خط کے مندرجات بھی یاد دلائے گئے۔

خط کے متن کے مطابق پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی کو استعفوں کی تصدیق کے لیے بلایا جائے گا اور ہر ممبر قومی اسمبلی کو ذاتی حیثیت میں اپنے استعفیٰ کی تصدیق کرنا ہوگی۔

استعفوں کی تصدیق کیلئے قومی اسمبلی کے 2007 کے قواعد و ضوابط  کے تحت بلایا جائے گا، پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی کو 6 سے 10 جون 2022 تک استعفوں کی تصدیق کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی کے چیمبر میں مدعو کیا جا چکا ہے اور باضابطہ طور پر مدعو کرنے کے باوجود پی ٹی آئی کا کوئی بھی رکن قومی اسمبلی استعفے کی تصدیق کے لیے نہیں آیا تھا۔