مری(نمائندہ امت)طویل انتظار کے بعد ملکہ کوہسار مری میں ہلکی برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ برفباری کے نتیجے میں سردی کی شدت میں اضافہ موسم سرما کی تعطیلات کے موقع پر سیاحوں کی بڑی تعداد یہاں پہنچی ہوئی تھی ۔
جمعرات کے روز مری اور ملحقہ گلیات میں ہلکی برفباری کا سلسلہ شروع ہوتے ہی سیاحوں کی بڑی تعداد جو پہلے سے یہاں قیام پزیر تھی اپنے اپنے کمروں سے نکل کر مال روڈ سمیت مری کے دیگر تفریحی مراکز پر پہنچ گئی اور شدید سردی کے باوجود آسمان سے گرتے ہوئے روئی کے گالوں سے انجوائے کرنے لگے اور ان خوبصورت لحمات کو اپنے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کرتے رہے۔ طویل خشک سالی کے باعث برفباری زمین پر اپنی تہہ تو نہیں جما سکی لیکن یہاں آئے ہوئے سیاح آسمان سے گرتی ہوئی برفباری سے بھرپور لطف اندوز ہوتے رہے مری انتظامیہ بھی الرٹ رہی تاہم اب انتظامیہکی کارکردگی کا پتہ اس وقت چل سکے گا جب ہیوی سنو فال شروع ہو گی۔
ادھر گلیات ایوبیہ نتھیاگلی میں برفباری نے ہر طرف چاندی بکھیر دی گلیات کی سڑکوں پر پھسلن کے باعث گاڑیاں آپس میں ٹکراتی رہیں تاہم سیاحوں کی بڑی تعداد گلیات کے تفریحی مقامات پر پہنچی ہوئی ہے محکمہ موسمیات کے مطابق برفباری کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہے گا۔