اسلام آباد(امت نیوز)قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردوں کے خلاف مزید آپریشنز کی منظوری دی گئی ۔
تین گھنٹے سے زائد جاری رہنے والےاجلاس میں ایک بار پھر ملک کو معاشی بحران سے نکالنے اور دہشت گردی سے پاک کرنے کےعزم کا اظہار کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ملک کی سیاسی اور عسکری قیادت نے شرکت کی۔ شرکا میں وزیراعظم، تمام سروسز چیفس، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ رانا ثنااللہ سمیت دیگر وزرا، انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان اور دیگر حکام شامل تھے۔
اجلاس میں دہشت گردی سے متعلق کارروائیوں کے حوالے سے مختلف فیصلے کیے گئے۔ ملک کی معاشی اور امن و امان کی صورتحال، ٹی ٹی پی کے دہشت گردانہ حملوں اور مخدوش علاقوں سمیت پاک افغان سرحدی امور سے متعلق بھی بات کی گئی۔
اجلاس میں بلوچستان اور کے پی میں دہشت گردی کے واقعات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جس کے بعد دہشت گردوں کے خلاف مزید آپریشن کرنے کے فیصلوں کی منظوری دی گئی۔
معاشی صورتحال پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بریفنگ دی اور گزشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی منظوری دی گئی، معاشی پالیسیوں کے حوالے سے جلد اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔
اجلاس کے شرکا نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف دو ٹوک موقف اپنایا جائے، پاکستانی رٹ کو بار بار چیلنج کیا جاتا ہے ایسے عناصر کے ساتھ سختی کے ساتھ نمٹا جائے