کراچی(امت نیوز)کراچی میں ایم کیوایم کے دھڑوں کے اتحاد کے بعد سندھ میں پیپلزپارٹی کے خلاف بھی ایک اتحاد سامنے آیا ہے
سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی کو ٹف ٹائم دینے کیلئے سندھ ڈیموکریٹک الائنس (ایس ڈی اے) اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) میں اتحاد طے پا گیا۔
فنکشنل مسلم لیگ کے سربراہ پیر صدر الدین شاہ کا کہناہے کہ سندھ کی حکمراں جماعت پیپلز پارٹی کو بار بار این آر او دیا گیا، صوبے کو زرداری مافیا سے خطرات ہیں، سیلاب متاثرین کی مدد این جی اوز کر رہی ہیں حکومت کہیں نظر نہیں آرہی، ہم سندھ کو بچانے کے لئے ایک ہوئے ہیں۔
کراچی میں فنکشنل لیگ کے صوبائی دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیر صدر الدین شاہ راشدی کا کہنا تھا کہ اقتدار میں موجود لوگ سندھ کے عوام کی خدمت کے بجائے لوٹ مار میں مصروف ہیں، پی ٹی آئی نے سندھ میں اقتدار کو دوام بخشنے کے لئے ہمیشہ پیپلز پارٹی کی مدد کی ہے۔
سندھ ڈیموکریٹک الائنس کے سید جلال محمود شاہ کا کہنا تھا کہ آج سے ہم جی ڈی اے کا حصہ ہیں، ہم سندھ کے نظام کو بہتر کرنے کی کوشش کریں گے۔
دیگر مقررین نے بھی آئندہ الیکشن ایک پلیٹ فارم سے لڑتے ہوئے پیپلز پارٹی کو ٹف ٹائم دینےکے عزم کا اظہار کیا