سیمنٹ کی بوری کی نئی قیمت 1500 روپے تک پہنچ گئی، فائل فوٹو
سیمنٹ کی بوری کی نئی قیمت 1500 روپے تک پہنچ گئی، فائل فوٹو

سمینٹ کی مقامی فروخت اور برآمدات میں 20فیصد کمی

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں سیمنٹ کی مقامی  فروخت و ایکسپورٹ میں 20 فیصد سے زائد کمی آگئی ۔  جولائی تا دسمبر 2022کے دوران سیمنٹ کی مجموعی(مقامی و ایکسپورٹ) فروخت 21.764 ملین ٹن رہی۔ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کی مجموعی فروخت 27.456ملین ٹن تھی ۔

آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے فروخت میں کمی  کا سبب معاشی بحران قرار دے دیا ، تفصیلات کے مطابق آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے گزشتہ 6 ماہ کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے چھ  ماہ جولائی تا دسمبر 2022کے دوران سیمنٹ کی مجموعی(مقامی و ایکسپورٹ) فروخت 21.764 ملین ٹن رہی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کی مجموعی فروخت 27.456ملین ٹن سے 20.73فیصد کم رہی۔

جولائی تا دسمبر 2022کے دوران سیمنٹ کی مقامی فروخت 20.030ملین ٹن رہی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کی 24.065ملین ٹن فروخت سے 16.77فیصد کم رہی۔ اس دوران سیمنٹ کی ایکسپورٹ میں 48.86فیصد کمی واقع ہوئی اور جولائی تا دسمبر 2021 کی 3.391ملین ٹن ایکسپورٹ کے مقابلے میں رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کی ایکسپورٹ 1.734ملین ٹن رہی۔دسمبر 2022کے مہینے میں سیمنٹ کی فروخت 15.55فیصد کم رہی۔ دسمبر 2022میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت 3.881 ملین ٹن رہی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کی فروخت 4.595ملین ٹن رہی تھی۔

دسمبر کے مہینے میں سیمنٹ کی مقامی فروخت 3.676ملین ٹن رہی جو دسمبر 2021کی 4.057ملین ٹن کی فروخت سے 9.41فیصد کم رہی۔ دسمبر 2022 کے مہینے میں سیمنٹ کی ایکسپورٹ 61.88فیصد کمی سے 2لاکھ5ہزار61ٹن رہی جو دسمبر 2021میں 5لاکھ38ہزار2ٹن رہی تھی۔دسمبر 2022میں شمالی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں کی مجموعی فروخت 11.60فیصد کمی سے 3.010ملین ٹن رہی جو گزشتہ مالی سال دسمبر کے مہینے میں 3.405ملین ٹن رہی تھی۔ جنوبی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں کی فروخت دسمبر 2022میں 8لاکھ70ہزار 355ٹن رہی جو دسمبر 2021کی 1.190ملین ٹن فروخت سے 26.86فیصد کم رہی۔دسمبر 2022کے دوران شمالی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں کی مقامی مارکیٹ میں فروخت 2.956ملین ٹن رہی جو دسمبر 2021کی مقامی فروخت 3.377ملین ٹن کے مقابلے میں 12.48فیصد کم رہی۔

جنوبی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں کی دسمبر 2022میں مقامی فروخت 7لاکھ19ہزار 721ٹن رہی جو دسمبر 2021کی 6لاکھ79ہزار 868ٹن فروخت سے 5.86فیصد زائد رہی۔دسمبر 2022کے دوران شمالی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں سے سیمنٹ کی ایکسپورٹ 95.18فیصد اضافہ سے 54ہزار 427 ٹن رہی جو دسمبر 2021میں 27ہزار 885ٹن رہی تھی۔ شمالی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں سے دسمبر 2022میں ایک لاکھ50ہزار 634ٹن سیمنٹ ایکسپورٹ کی گئی جو گزشتہ سال دسمبر کی 5لاکھ 10ہزار117ٹن ایکسپورٹ سے 70.47فیصد کم رہی۔

رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران شمالی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں سے سیمنٹ کی مجموعی فروخت 18.06فیصد کمی سے 16.522ملین ٹن رہی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں 20.163ملین ٹن رہی تھی۔ جولائی تا دسمبر2022کے دوران شمالی علاقوں سے سیمنٹ کی ایکسپورٹ 6.29فیصد اضافہ سے 5لاکھ78ہزار74 ٹن رہی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں 5لاکھ43ہزار888ٹن رہی تھی۔

جولائی تا دسمبر 2022کے دوران شمالی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں سے سیمنٹ کی مجموعی فروخت 17.42فیصد کمی سے 17.100ملین ٹن رہی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں 20.707ملین ٹن رہی تھی۔جنوبی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں سے جولائی تا دسمبر 2022 کے دوران سیمنٹ کی مقامی فروخت 3.508ملین ٹن رہی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کی 3.902ملین ٹن فروخت سے 10.10فیصد کم رہی۔

رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران جنوبی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں سے سیمنٹ کی ایکسپورٹ 59.39فیصد کمی سے 1.156ملین ٹن رہی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں 2.847 ملین ٹن رہی۔ جولائی تا دسمبر 2022کے دوران جنوبی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں سے سیمنٹ کی مجموعی فروخت 30.90فیصد کمی سے 4.664ملین ٹن رہی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں 6.749ملین ٹن رہی تھی۔

آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ترجمان کے مطابق موجودہ معاشی بحران نے سیمنٹ کی طلب کو بری طرح متاثر کیا۔ ترجمان نے کہا کہ افراط زر نے صارفین کی قوت خرید پر گہرا منفی اثر مرتب کیا۔ نئے تعمیراتی منصوبہ بشمول رہائشی پراجیکٹس کی تعداد کم ہے، جبکہ زیادہ تر سرگرمیاں رہائشی عمارتوں کی معمول کی مرمت تک محدود ہیں۔ برآمدات کے شعبہ میں روس اور یوکرین کی جنگ کی وجہ سے سیمنٹ کی ایکسپورٹ بری طرح متاثر ہورہی ہے۔