پرویز الہی اعتماد کا ووٹ نہیں لے سکتے ، جاوید لطیف نے بڑا دعوی کر دیا

مسلم لیگ نون کے رہنما جاوید لطیف نے دعوی کیا ہے کہ چوہدری پرویز الہٰی اعتماد کا ووٹ لینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔ پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے پچیس سے تیس ارکان انہیں ووٹ نہیں دیں گے۔ جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ انھیں اگلے دس سے پندرہ روز بعد پرویز الہی وزیر اعلی کے عہدے پر نظر نہیں آ رہے۔

دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کی راولپنڈی سے رکن پنجاب اسمبلی مومنہ وحید منحرف ہو گئی ہیں اور انہوں نے پرویز الہی کو اعتماد کا ووٹ نہ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ مومنہ وحید کا کہنا ہے کہ آج تحریک انصاف میں ہر پرانا کارکن دلبرداشتہ ہے۔ عمران خان کے اردگرد صرف مفاد پرست عناصر اکٹھے ہو گئے ہیں۔ میں ان کے کہنے پر پرویز الہی کو ووٹ نہیں دوں گی۔ انہوں نے دعوی کیا کہ پی ٹی آئی کے مزید کئی ارکان ایسے ہیں جو پرویز الہی کو اعتماد کا ووٹ نہیں دیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مومنہ وحید کا دعوی نواز لیگی رہنما جاوید لطیف کے دعوے کی تائید کرتا ہے۔واضح رہے کہ مومنہ وحید راولپنڈی سے مخصوص نشست پر پنجاب اسمبلی کی رکن ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس 9 جنوری کو طلب کیا گیا ہے جب کہ وزیر اعلی کے اعتماد کے ووٹ کے حوالے سے عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو اہم ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز الہی کو پنجاب اسمبلی میں اعتماد کے ووٹ کے لیے درکار 186 ارکان کی حمایت حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ اس حوالے سے عمران خان کو بھی صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کا دعوی ہے کہ پرویز الہی کو 187 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔ ایسی صورت میں اگر دو ارکان اسمبلی بھی غیر حاضر ہوتے ہیں تو پرویز الہی اعتماد کا ووٹ لینے میں کامیاب نہیں ہو پائیں گے۔