آرمی چیف کی سعودی وزیردفاع سے ملاقات،دفاعی تعاون بڑھانے پرغور

ریاض:آرمی چیف  سعودی عرب پہنچ گئے،  سعودی وزیردفاع سے ملاقات میں تعاون بڑھانے پر اتفاق۔تفصیلات کے مطابق آرمی چیف سید عاصم منیر سعودی عرب کے دورے پر ریاض پہنچ گئے جہاں انہوں نے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان  سے ملاقت کی ، ملاقات پاک سعودی فوجی اور دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں برادر ملکوں کے دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی اور پائیداری پر زور دیا گیا، فوجی اور دفاعی تعاون، انہیں بڑھانے اور سپورٹ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ مشترکہ تشویش کے اہم ترین علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی بات چیت کی گئی۔

ملاقات میں چیف آف اسٹاف میجر جنرل محمد عرفان سمیت دیگراعلیٰ حکام بھی شریک تھے ۔سعودی وزیر دفاع نے سید عاصم منیر کو آرمی چیف بننے پر مبارکباد بھی پیش کی۔ملاقات میں سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے پاک سعودی دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پاک سعودی تعلقات کو فروغ دینے کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔ یاد رہے آرمی چیف بننے کے بعد جنرل سید عاصم منیر کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔

سعودی وزیر دفاع شہزاد خالد بن سلمان نے ٹویٹ کی کہ پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر سے ملاقات کرکے خوشی ہوئی،ہم نے اپنے برادر ملکوں کے درمیان اسٹریٹجک پارٹنرشپ پر زود دیا،دوطرفہ فوجی اور دفاعی تعلقات کا جائزہ لیا اور اپنے تعاون کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔