وزیر اعلی پنجاب کے صاحبزادے اور سابق وفاقی وزیر مونس الہی نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے ایک دوست کو ” کچھ افراد ” نے اٹھا لیا ہے ۔۔ انہوں نے کسی ادارے یا شخص کا نام لیے بغیر اس معاملے کو پنجاب کے "جوڑ توڑ "سے جوڑتے ہوئے اس کا الزام سرکاری اداروں پر ہی عائد کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ق کے رہنما اور وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے بیٹے مونس الٰہی نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے ایک دوست کو کچھ افراد نے اٹھا لیا ہے۔سوشل میڈیا پر جاری بیان میں مونس الٰہی نے لکھا کہ کل میرے ایک دوست کو کچھ لوگوں نے 2 گاڑیوں میں اٹھا لیا۔
انہوں نے ایف آئی اے پر بالواسطہ الزام لگاتے ہوئے واقعہ کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی شیئرکی اور ساتھ لکھا کہ ایف آئی اے والے قسمیں کھاتے ہیں کہ انہوں نے نہیں اٹھایا، کچھ دن بعد اسے ایف آئی اے پہنچایا جائے گا اور مجبور کیا جائے گا پرچہ دو۔
سابق وفاقی وزیر نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ آپ لوگوں کو سمجھ نہیں آتی کہ ہم نے پی ڈی ایم کےساتھ نہیں ملنا۔