سوات میں مہنگائی کےخلاف شدید بارش میں احتجاج

سوات(بیورورپورٹ)سوات میں کمرتوڑمہنگائی کے خلاف مینگورہ شہر سمیت ضلع کے مختلف علاقوں میں شہریوں نے شدید بارش اور سردی کے باوجود سڑکیں بلاک کر احتجاجی مظاہرے کئے اور حکمرانوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

مالاکنڈڈویژن کی تاجربرادری نے ہوشربامہنگائی اورآٹا کی قیمت میں ناقابل برداشت اضافے پرشدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے حکوت کو خبردارکیاہے کہ اگر بے قابو مہنگائی کوکنٹرول کرنے کیلئے اقدامات نہ اٹھائے گئے تووہ ڈویژن بھرمیں بھرپوراحتجاج کی کال دینے پرمجبورہوں گے

سول سوسائٹی کے زیر اہتمام نشاط چوک مینگورہ میں احتجاجی مظاہرے میں شریک مظاہرین نے کتبے اورپلے کارڈز اٹھارکھے تھے، جن پر مہنگائی کیخلاف نعرے درج تھے، شدید بارش اورسرد موسم کے باوجود بھی لوگوں نے کثیرتعداد میں احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹرخالدمحمودخالداوردیگرمقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکمرانوں نے غریب عوام پر مہنگائی کے ڈرون حملے شروع کررکھے ہیں جس سے غریب عوام کا جینا محال ہوچکا ہے

خوازہ خیلہ میں بھی سول سوسائٹی نے احتجاجی مظاہرہ کیا جس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ حکمرانوں نے غریب لوگوں کی حالت بہتر بنانے کی جوبجائے ان سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی ہے اوران کیساتھ غریب عوام کے لئے کوئی پروگرام نہیں ہے،علاوہ ازیں کوزہ بانڈئی سمیت دیگر علاقوں میں بھی شہری سڑکوں پر نکل کر آئے اور مہنگائی کے خلاف شدید احتجا ج کرتے ہوئے کمرتوڑمہنگائی پرقابوپانے اور غریب عوام کو ریلیف دینے کا مطالبہ کیا۔

مالاکنڈڈویژن ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر عبدالرحیم نے دوٹوک الفاظ میں کہاہے کہ غریب عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، جبکہ حکمران بانسری بجارہے ہیں انہوں نے کہا کہ عوام پرتسلسل کے ساتھ مہنگائی کے ڈرون حملے جاری ہیں جس سے لوگوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے، انہوں نے کہا کہ ایک طرف پنجاب کاآٹا مہنگے دام فروخت ہورہاہے آٹا ڈیلرز کو مہنگے دام آٹا خریدنے کے باعث وہ مہنگے دام آٹا فروخت کرنے پرمجبورہیں،  مقامی فلور ملوں کو سرکاری گندم کاکوٹہ نہ صرف کم مقدار میں فراہم کی جارہی ہے بلکہ اس کی کوالٹی بھی ناقص ہے انہوں نے حکومت اورمقامی انتظامیہ سے مطالبہ کیاہے کہ سرکاری آٹا کامعیار بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ فلورملوں کوگندم کاکوٹہ بڑھایاجائے،بصورت دیگر ڈویژن بھرمیں بھرپوراحتجاج کا آغاز کردیا جائے گا۔