پی ٹی آئی کے منحرف ایم این اےکے گھر پر دستی بم سے حملہ

پشاور(امت نیوز)پاکستان تحریک انصاف سےراہیں جدا کرنے والے رکن قومی اسمبلی ناصر خان موسیٰ زئی کے گھر پر نامعلوم افراددستی بم پھینک کر فرار ہوگئے۔حملے سےدیوار کو جزوی نقصان پہنچا ہے اور قریب کمرے کے شیشے ٹوٹ گئے۔ تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پشاور کے تھانہ انقلاب کی حدود میں ناصر خان موسی زئی کے حجرے پر نامعلوم ملزمان نے ہینڈ گرنیڈ سے حملہ کردیا
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی صدر سرکل محمد علی خان اور ایس ایچ او انقلاب مسعود خان اور بی ڈی یو نے موقع پر پہنچ کر جائے وقوعہ کا تفصیلی جائزہ لیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھا کرکے بم ڈسپوزل یونٹ  نے ہینڈ گرنیڈ کی تصدیق کردی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق دستی بم حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، البتہ دیوار کو جزوی نقصان پہنچا ہے اور قریب کمرے کے شیشے ٹوٹ گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اصل حقائق معلوم کرنے کی خاطر اہم شواہد کی روشنی میں مختلف زاویوں پر جامع تفتیش کا آغاز کردیا ہے جبکہ قریبی علاقہ کو گھیرے میں لیتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
ناصر موسیٰ زئی دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے تھریٹ الرٹ سے آگاہ کیا تھا۔
سربراہ جے یو آئی مولانافضل الرحمان نے رکن قومی اسمبلی ناصرموسیٰ زئی کے گھر پر حملےکی مذمت کی ہے۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ناصرموسیٰ زئی کےگھرپرحملہ قابل افسوس ہے، حملےکی فوری تحقیقات کرکے مجرموں کو بےنقاب کیا جائے، صوبائی حکومت مہنگائی کے بعد عوام دشمنی پر اترآئی ہے۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ناصر موسی زئی نے پارٹی سے متسعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ یکم جنوری کو مولانا فضل الرحمان کے بھائی مولاناعطاالرحمان نے ناصر موسیٰ زئی کو جے یوآئی میں شمولیت کی دعوت دی ۔
قریبی ذرائع کے مطابق ناصر موسی زئی آئندہ ہفتے باقاعدہ طور پر جے یو آئی میں شمولیت اختیار کریں گے۔
واضح رہے کہ ناصر موسیٰ زئی جنرل الیکشن 2018 میں پاکستان تحریک اںصاف کے ٹکٹ پر حلقہ این اے 29 پشاور تھری سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔