پنجاب اسمبلی:شورشرابے کے درمیان20مسودات قانون منظور

لاہور( نمائندہ امت ) پنجاب میں حکومت اور اپوزیشن نے دن بھر کی حکمت عملی کے بعد اسمبلی کا اجلاس مچھلی منڈی بنا دیا۔ شورشرابے اور شدید نعرہ بازی کے دوران اسمبلی کی موجودہ تاریخ میں پہلی بار بیس مسودات قانون منظورکرلئے

پیر کوپنجاب اسمبلی کے اجلاس سے قبل دوپہر کو ہی حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں کے الگ الگ پارلیمانی اجلاس ہوئے جن میں سے کوئی جماعت بھی اپنے تمام اراکین کی حاضری یقینی نہیں بنا سکی

پی ٹی آئی کے اراکین کی حاضری دیکھنے کیلئے اسد عمر جبکہ اپوزیشن کے اجلاس میں شرکت کیلئے وفاقی وزیر دفاع ۔خواجہ آصف ، وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان ، وزیر اعلیٰ کے معاون عطا اللہ تارڈ اسمبلی میں موجود رہے

اسپیکر محمد سبطین خان کی صدارت میں اجلاس کے دوران اپویشن گیلری میں بیٹھے وزیر اعظم کے مشیر عطا تارڑ پر حکومتی اراکین کی طرف سے کڑی تنقید کی گئی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکت کے بعد ریلوے کےوفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے بتایا تھا کہ اسپیکر سے وزیراعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے گورنر کے آئینی احکامات پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا جائے گا جبکہ گورنر کے احکامات پرعملدرآمد نہ ہونے کے خلاف گیارہ جنوری کو عدالت میں درخواست بھی دائر کی جائے گی ۔ اجلاس شروع ہوتے ہیں اپوزیشن نے اپنا مطالبہ دہرایا تو حکومتی اراکین نے اپوزیشن اراکین پرتنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے وفاقی وزراءکے سامنے حاضری لگوانے کیلئے نعرہ بازی کررہے ہیں

اسپیکر نے بھی اپوزیشن کے اراکین کے مطالبے پر کوئی توجہ نہ دی جس پر اپوزیشن اراکین نے اجلاس کے اختتام تک اسپیکر ڈائس کے سامنے اور اپنی  نشستوں پر کھڑے ہوکر احتجاج کیا

احتجاج کے دوران دو طرفہ شدید نعرہ بازی کی گئی جس سے کان پڑی آواز سننا محال ہوگیاتاہم حکومتی اتحاد نے ایوان کی کارروائی جاری رکھی اور بیس مسودات قانون اسی شوروغل میں منظور کرلئے ان میں سے زیادہ تر مسوداتِ قانون آﺅٹ آف ٹرن متعارف کروائے گئے اور آﺅٹ آف ٹرن ہی ایوان میں منظوری کیلئے پیش کیے گئے ۔ اپوزیشن کے نعروں کے دوران کثرتِ رائے سے منظور کیے جانے کا اعلان کیا گیا ، ان میں پنجاب پبلک ڈیفنڈر سروس پنجاب بل 2023 ، فوڈ اتھارٹی ترمیمی بل 2023 ۔ تنازعہ کے تصفیہ کا متبادل، گھریلو ملازمین پنجاب بل 2021 ، جاب شاپس اینڈ اسٹیبلشمنٹ ترمیمی بل ، وومن ہوسٹل اتھارٹی بل 2021 پنجاب پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی بل 2022 پنجاب میڈیکل اینڈ ہیلتھ انسٹیٹیوشن ترمیمی بل 2021 ، پنجاب اربن ایمووایبل پراپرٹی ٹیکس بل 2021 اور پنجاب فنانس ترمیمی بل 2021 ، قابلِ ذکر ہیں البتہ متعارف کرایا جانے والا ٹک یونیورسٹی بل 2023 اسپیکر نے مزید غور کے لیے اسپیشل کمیٹی کو بھجوا دیا