جنیوا(امت نیوز)وزیراعظم شہبازشریف نے عالمی برادری کو یقین دلایا ہے کہ سیلاب متاثرین کیلئے ملنے والی امداد کا شفاف استعمال یقینی بنایا جائے گا ۔ایک ایک پیسہ شفاف طریقے سے خرچ ہوگا اور عالمی امداد کا تھرڈ پارٹی سے آڈٹ بھی کرایا جائے گا۔
جنیوا میں اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انتونیو گوتریس کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا عالمی برادری ہم سے توقع کرے گی کہ پائی پائی کا حساب دیں، عالمی امداد میں شفافیت ہماری پہلی ترجیح ہے، عالمی امداد کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرائیں گے، متاثرین کو ملنے والی امداد کا ایک ایک پیسہ شفاف طریقے سے خرچ ہوگا
وزیر اعظم نے کہا کہ سیلاب سے پاکستان کے عوام اور انفراسٹرکچر بری طرح متاثر ہوا، سیلاب کے دوران 3 کروڑ سے زائد افراد بے گھر ہوئے، متاثرہ افراد کی امداد و بحالی کیلئے بڑے سرمائے کی ضرورت ہے، دوست ممالک، عالمی اداروں نے سیلاب متاثرین کیلئے پاکستان کی معاونت کی، اسلامی ترقیاتی بینک نے سب سے زیادہ 4.2 ارب ڈالر امداد کا اعلان کیا۔
اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی سے پوری دنیا کو خطرات لاحق ہیں اثرات سے آج پاکستان متاثر ہوا ہے، کل کوئی دوسرا ملک بھی متاثر ہو سکتا ہے، عالمی برادری کا فرض ہے کہ وہ پاکستان کو ماحولیاتی انصاف فراہم کرے، امید ہے کہ یہ کانفرنس متاثرین کی بحالی میں معاون ثابت ہوگی۔