لاہور(امت نیوز)وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔ وفاقی وزیرنے دعویٰ کیا کہ ن لیگ کے نمبرز آج 179 تھے، کل 189 ہوسکتے ہیں اس لئے پنجاب اسمبلی اب نیا لیڈر منتخب کرے
پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں راناثنا اللہ کا کہنا تھاکہ سابق وزیراعظم عمران خان اعتماد کا ووٹ لینے پر بضدہیں لیکن وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی اعتماد کا ووٹ لینے سے گریزاں ہیں کیونکہ اسمبلی میں ان کے پاس مطلوبہ نمبرز نہیں
وفاقی وزیرنےکہا کہ آج یہ لوگ پنجاب اسمبلی میں اپنی عددی اکثریت نہ دکھا سکے اور ہمارےپاس آج بھی رکن پورے تھے۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس ایسی حکومت کی طرف سے بلایا گیا جس کے پاس اکثریت نہیں، اگر ان کے پاس اکثریت ہوتی تو یہ ایوان میں دکھا دیتے، یہ کوشش کرتے رہے ان کا نمبر پورا ہوجائے، جب یہ نمبر پورا نہیں کرسکے تو اجلاس کو کل تک ملتوی کردیا گیا،
ان کا کہنا تھاکہ کل یہ اجلاس بلا کر دوبارہ داؤ لگانے کی کوشش کریں گے مگر ان کا داؤ نہیں لگے گا، میرا پرویزالٰہی سے مطالبہ ہے ان کے پاس اکثریت نہیں وہ مستعفی ہوں، ن لیگ کے نمبرز آج 179 تھے، کل 189 ہوسکتے ہیں لہٰذا پنجاب اسمبلی اب نیا لیڈر منتخب کرے۔
وزیر داخلہ نے مطالبہ کیا کہ اعتمادکے ووٹ کے اجلاس کی صدارت پینل آف چیئرمین کا نیوٹرل بندہ کرے یا عدالت کسی کو مقرر کرے، پرویزالٰہی اعتماد کا ووٹ لینے کے بجائے مستعفی ہوں ، اعتمادکے ووٹ کے اجلاس کی صدارت اسپیکر سبطین خان کریں یہ قبول نہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ حمزہ شہباز ہی وزارت اعلیٰ کے امید وار ہوں گے، اِس وقت وزیر اعلیٰ کے امیدوار کو تبدیل کرنا نقصان دہ ہوسکتا ہے، یقیناً اسٹیبلشمنٹ اس وقت کسی کی حمایت نہیں کررہی۔
انہوں نےکہا کہ وزیرآباد کیس میں ملزم نوید ہی اصل ملزم ہے، اس کے آگے پیچھے کوئی نہیں، احسن اقبال پر بھی جس شخص نے حملہ کیا تھا وہ بھی جنونی تھا، یہ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کی جو رپورٹیں بناکر پیش کررہے ہیں وہ جعلی ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ فواد چوہدری ایک بہتر سیاسی سوچ رکھتے ہیں مگر ان کی سنتا کوئی نہیں۔