لاہور(امت نیوز)پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ہنگامہ آرائی، شور شرابے اور نعرے بازی کا سلسلہ جاری ہے ،وزیراعلیٰ پرویز الہٰی اسمبلی کے پچھلے دروازے سے پنجاب اسمبلی میں داخل ہوئے، اعتماد کا ووٹ لیے جانے کا امکان ہے، وزیراعلی پرویز الہٰی نے ارکان اسمبلی سے ملاقات بھی کی۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سبطین خان کی صدارت میں تقریباً دو گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا، اسپیکر پنجاب اسمبلی نے اجلاس کے وقت میں ایک گھنٹے کا اضافہ کر دیا تھا۔
اجلاس میں اپوزیشن اراکین احتجاج کرتے ہوئے اسپیکر ڈائس کے سامنے آگئے، لیگی رکن اسمبلی میاں عبدالرؤف نے غیر متعلقہ افراد کو دھکے مار کر ایوان سے نکال دیا۔
اپوزیشن کا دعویٰ ہے کہ ایوان میں حکومت کے پاس 171 اراکین ہیں۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس اپوزیشن کے شور شرابے کے باعث 45 منٹ معطل رہا۔
ابھی تک سپیکر نے اعتماد کا ووٹ لینے کی کوئی ہدایت جاری نہیں کی اور نہ ہی وزیر اعلی پرویز الہی ایوان میں موجود ہیں۔