لاہور ( نمائندہ امّت )پنجاب اسمبلی میں شدید ہنگامہ آرائی ، ایوان مچھلی منڈی بن گیا۔ حکومت اور اپوزیشن ارکان کے درمیان ہاتھا پائی ، ایوان میں ارکان نے ایک دوسرے کو کرسیاں دے ماریں۔ ایوان میں اعتماد کے ووٹ کے لیے پہلا مرحلہ شروع ہوتے ہی زبردست ہنگامہ شروع ہوگیا۔ اپوزیشن ارکان نے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ کر اسپیکر ڈائس کی جانب اچھال دیں۔
حکومت و اپوزیشن ارکان ایک دوسرے کے ساتھ گتھم گتھا ہو گئے ۔ ایوان میں کان پڑی آواز سنائی نہیں دے رہی۔ دوسری طرف رولز آف بزنس کے تحت اعتماد کے ووٹ کے لیے رائے شماری جاری ہے۔ اپوزیشن کا مطالبہ ہے کہ اعتماد کا ووٹ شو آف ہینڈز کے ذریعے لیا جائے اور ہمارے سامنے گنتی کی جائے۔ تاہم اسپیکر نے اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے ارکان اسمبلی کو لابی میں جانے کے لیے کہا ہے جہاں گنتی ہو گی ۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اپوزیشن نے اجلاس کا بائیکاٹ کردیا ہے۔