تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ملک میں عام انتخابات کے لئے حکومت پر دباؤ بڑھانے کی حکمت عملی تیار کرلی ۔ پنجاب اور کے پی کے کی اسمبلیاں تحلیل کرنے کے بعد تحریک انصاف قومی اسمبلی میں اپنے ارکان اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کے لئے کوششیں تیز کرے گی۔ اس سلسلے میں چیئرمین تحریک انصاف نے شاہ محمود قریشی ،فواد چوہدری، اسد عمر اور دیگر رہنماؤں کو ٹاسک دے دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ رہنما استعفوں کی منظوری کے سلسلے میں اسپیکر قومی اسمبلی سے رابطہ کریں گے اور ان کی کوشش ہوگی کہ تحریک انصاف کے مستعفی ارکان اسمبلی جلد از جلد اسپیکر کے سامنے پیش ہو کر اپنے استعفوں کی تصدیق کریں گے تاکہ ان کی منظوری کا عمل مکمل ہو سکے۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف قومی اسمبلی میں استعفوں کی منظوری کے حوالے سے قانونی پہلوؤں پر بھی مشاورت کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ چند روز پہلے تحریک انصاف کے بعض مستعفی ارکان اسمبلی کے ہمراہ سابق اسپیکر اسد قیصر نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کی تھی جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ پی ٹی آئی کے کئی ارکان اسمبلی ان کے ساتھ رابطے میں ہیں اور استعفے دینے کے لیے تیار نہیں ہیں لہذا جب تک تمام ارکان اسمبلی خود ان کے سامنے پیش ہو کر اپنے استعفوں کی تصدیق نہیں کرتے، اس وقت تک وہ استعفے منظور نہیں کریں گے۔