کراچی، حیدرآباد اوردادو میں 15جنوری کو انتخابات نہیں ہوںگے،سندھ حکومت

کراچی : سندھ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ کراچی، حیدرآباد اور دادو میں 15جنوری کو انتخابات نہیں ہوں گے دیگر اضلاع میں شیڈول کے مطابق الیکشن ہوں گے۔

کراچی میں بلدیاتی انتخابات کا معاملہ ایک بار پھر لٹک گیا، سندھ حکومت نے رات کی تاریکی میں بڑا اعلان کردیا۔ سندھ کابینہ کےہنگامہ خیزاجلاس میں بلدیاتی الیکشن کا دوسرا مرحلہ ملتوی کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی، حیدرآباد اور دادو میں 15 جنوری کو ہونے والے بلدیاتی الیکشن نہیں ہوں گے، دادو اور مہیڑ میں سیلاب کا پانی کھڑا ہونے سے الیکشن ممکن نہیں، ایم کیو ایم کو حلقہ بندیوں پر اعتراضات تھے، سندھ حکومت نے حلقہ بندیوں سےمتعلق نوٹیفکیشن واپس لے لیا۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ٹنڈومحمدخان،ٹنڈوالہ یار، ٹھٹھہ،بدین، مٹیاری اور جامشورومیں انتخابات شیڈول کےمطابق ہوں گے۔دوسری جانب محکمہ بلدیات سندھ نے صوبائی الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات نہ کرائے جائیں، دادو میں بلدیاتی الیکشن ممکن نہیں، دادو کے تعلقہ میہڑ، خیرپوراورناتھن شاہ میں سیلابی صورتحال ہے، کئی ووٹرز اب بھی اپنے گھروں کو نہیں لوٹ سکے۔

صوبائی الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ سندھ کابینہ نےتھریٹ الرٹ، سیکیورٹی صورتحال پر بھی غورکیا، سیکشن 10 اے کے تحت حلقہ بندیوں کو ختم کیا گیا ہے، سندھ کابینہ نے حلقہ بندیوں کو نوٹیفکیشن واپس لینے کی منظوری دی، سندھ کابینہ کی ذیلی کمیٹی حلقہ بندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔