کراچی(اسٹاف رپورٹر)جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کرکٹ میچ کے دوران نیشنل اسٹیڈیم کے گراؤنڈ میں داخل ہونے والے دو نوجوان محمد عباس اور محمد جاوید کو 30،30 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے ضمانت منظور کرلی ہے۔
جمعرات کو جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں پولیس کی جانب سے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کرکٹ میچ کے دوران نیشنل اسٹیڈیم کے گراؤنڈ میں داخل ہونے والے دو نوجوان محمد عباس اور محمد جاوید کو پیش کیا گیا ۔ اس موقع پر نوجوانوں کے وکیل کی جانب سے ان کی ضمانت کی درخواست جمع کرائی گئی ۔
عدالت نے دونوں مداحوں کی 30، 30 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔پولیس کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میں ہونے والے دوسرے ون ڈے میچ کے دوران نیشنل اسٹیڈیم میں دو مداح محمد عباس اورمحمد جاوید کرکٹ اسٹارز محمد رضوان اور بابر اعظم سے ملنے میدان میں داخل ہوگئے، جس پر سیکیورٹی اہلکاروں نے دونوں کو گرفتار کرلیا تھا۔دونوں مداحوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد پولیس نے گرفتار مداحوں کو عدالت میں پیش کیا ۔ ملزمان کے خلاف تھانہ عزیز بھٹی میں مقدمہ درج ہے جس میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کی دفعات لگائی گئی ہیں۔