سندھ حکومت نے کراچی میں ملک کی پہلی الیکٹرک بس سروس شروع کر دی ۔
آج سے یہ بسیں ملیر سے براستہ شاہراہ فیصل، ڈیفنس اور سی ویو تک چلیں گی،جدید ترین بس کا یک طرفہ کرایہ پچاس روپے ہو گا ، پہلی بار بس کراچی ائیرپورٹ کے اندر تک بین الاقوامی طرز پر چلائی جائے گی ۔ واضح رہے کہ دنیا کے کئی ملکوں میں گزشتہ کئی برس سے بجلی پر چلنے والی گاڑیاں اور بسیں سڑکوں پر رواں دواں ہیں لیکن اب یہی بسیں کراچی کی سڑکوں پر بھی دوڑتی نظر آئیں گی جہاں آبادی کے شدید ترین دباؤ کے بعد باعث پبلک ٹرانسپورٹ کی شدید قلت کا سامنا ہے ۔
پاکستان میں پہلی بار سندھ حکومت نے بجلی سے چلنے والی یہ بسیں منگوائیں ہیں، 50 میں سے 10 بسیں کراچی پہنچ چکی ہیں۔ یہ بسیں مکمل طور پر ائیر کنڈیشنڈ ہیں، اس میں 33 افراد بیٹھ سکتے ہیں جبکہ مزید 40 افراد کی گنجائش موجود ہے۔
ان بسوں میں پانچ سو کلو واٹ کی بیٹری لگی ہے جسے ایک بار چارج کرنے پر 2 سو کلومیٹر سے زائد کا سفر کیا جاسکتا ہے ۔ یہ بیٹری 40 منٹ میں دوبارہ چارج ہوسکتی ہے ۔ ان بسوں کو چارج بھی سولر پینلز کے ذریعے شمسی توانائی سے کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ماحول دوست ان بسوں سے نہ صرف معیشت کو فائدہ ہوگا بلکہ ماحول بھی بہتر ہوگا ۔