حلقہ بندیوں کیخلاف کسی بھی حد تک جاسکتےہیں،ایم کیوایم کی پھر دھمکی

کراچی(امت نیوز)ایم کیوایم پاکستان نے دھمکی دی ہےکہ وہ جعلی حلقہ بندیوں کے خلاف کسی بھی حد تک جاسکتی ہے ۔ ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق  بہادرآباد مرکز میں رابطہ کمیٹی کا اجلاس جاری ہے جس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد وزرا کے استعفوں اور دیگر آپشنزپرغور کیا جارہا ہے

ترجمان کا کہنا ہےکہ رابطہ کمیٹی نے حلقہ بندیوں کے موقف سے پیچھے نہ ہٹنےکا فیصلہ کیا ہے، حلقہ بندیوں کے خلاف کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں، ، حلقہ بندیوں کی درستی کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے حتمی رابطوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں خالد مقبول صدیقی، وسیم اختر، مصطفی کمال، خواجہ اظہار الحسن سمیت دیگر رہنما موجود  ہیں اور اجلاس ختم ہونے تک تمام رہنماؤں کو  بہادرآباد پہنچنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق رابطہ کمیٹی نےقانونی ٹیم کو بھی مشاورت کے لیے طلب کرلیا ہے، قانونی ٹیم سے مختلف پہلوؤں پر مشاورت کی جائےگی۔

واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان نے حلقہ بندیوں پر اعتراض کیا تھا جس کے بعد پیپلز پارٹی سے مختلف اوقات میں اپنے تحفظات کااظہار کرتے رہے بعدازاں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ قریب آنے پر ایم کیو ایم نے پیپلز پارٹی کے رویہ سے مایوس ہو کر وفاقی حکومت سے علیحدہ ہونے کی دھمکی دی تھی۔