کراچی(امت نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام اتوار کو کرپشن، نفرت اور تعصبات کی سیاست کرنے والوں کا صفایا کریں گے۔ بھتہ خوروں کے جانے کا وقت آ گیا، شہر میں امن اور ترقی کے لیے کراچی کے لوگ بلدیاتی الیکشن میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔
تیمرگرہ دیرپائن میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا کے عوام کے دس سال ضائع کیے، صوبائی اسمبلی کی تحلیل سے عوام کا بوجھ ہلکا ہو گا۔ پی ٹی آئی کے دور میں صوبے میں کرپشن، بدامنی میں اضافہ ہوا، میرٹ کی دھجیاں اڑائی گئیں، صوبائی حکومت نے کے پی کے عوام کو آٹے کی قطاروں میں لگایا، نالائقوں نے صوبے کو کھنڈر بنا دیا، کے پی کا نوجوان ایک کروڑ نوکریوں کے لیے ترس رہا ہے،عوام 50لاکھ گھروں کی تلاش میں ہیں، کسی کو گھر ملا نہ نوکری۔ جماعت اسلامی کی صورت میں منظم جماعت ہی ملک کے مسائل حل کر سکتی ہے۔ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی بری طرح ایکسپوز ہو گئے،نئی صبح اور روشن مستقبل کے لیے جماعت اسلامی امید کی کرن ہے، عوام ترقی، خوشحالی، امن اور اسلامی فلاحی پاکستان کی منزل کے حصول کے لیے ہمارا ساتھ دے۔
سراج الحق نے کہا کہ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اورپی ٹی آئی ٹرائیکا نے عوام کے ساتھ ظلم کیا، تینوں نے مل کر ملک کو آئی ایم ایف کا غلام بنایا۔ حکمرانوں نے قرضے ہڑپ کیے، کرپشن عام کی، احتساب کے ادارے ختم کیے، سیاست اور معیشت کو یرغمال بنایا اور عوام کے ارمانوں کا خون کیا۔ آج دنیا کی واحد اسلامی ایٹمی پاور غیر یقینی کی صورت حال سے دوچار ہے اور ہر طرف سبز پاسپورٹ کی بے توقیری ہو رہی ہے۔ اقتدار میں موجود 15جماعتوں کی پالیسیاں یکساں ہیں۔ انھوں نے مل کر سیاست، سماج، معاشرت، معیشت سب کچھ تباہ کر دیا۔ کرپٹ ٹرائیکا کے پاس مسائل کا حل نہیں بلکہ یہ خود مسائل کی جڑ ہیں، عوام نے انھیں اچھی طرح پہچان لیا۔ ملک میں صاف اور شفاف انتخابات ہوئے تو تینوں نام نہاد بڑی سیاسی جماعتیں تاریخ کا حصہ بن جائیں گی اور ان کی سیاست عجائب گھر میں ملے گی۔
امیر جماعت نے کہا کہ گندم کے بعد دالوں کا مصنوعی بحران پیدا کیا گیا، ہزاروں کنٹینرز ایل سی نہ کھلنے کی وجہ سے کراچی کے سمندر میں کھڑے ہیں، دالوں کی قیمتیں 350روپے فی کلو تک چلی گئیں، آٹا 150روپے سے 170روپے فی کلو بک رہا ہے۔ لوگ ایک تھیلا آٹے کے لیے ترس رہے ہیں، ذخیرہ اندوز اور مافیا اربوں کما رہے ہیں۔ مافیاز تینوں بڑی جماعتوں میں موجود ہیں، انھوں نے ماضی میں بھی مصنوعی بحران پیدا کر کے اپنی جیبیں گرم کیں۔ حکمرانوں نے ہمیشہ عوام سے دشمنی کی، یہ سیاسی و معاشی دہشت گرد ہیں، ان کی آپس کی لڑائیاں مفادات کے لیے ہیں۔ جماعت اسلامی کا ملک بھر میں مہنگائی کے خلاف احتجاج جاری ہے، عوام اپنے حق کے لیے آواز بلند کریں اور جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔
سراج الحق نے کہا کہ قیامت کے روز لوگ اسی لیڈر کے ساتھ ہوں گے جس کے ہمراہ وہ دنیا میں رہے، اگر کسی شخص نے دنیا میں یزید کا ساتھ دیا وہ روزمحشر امام حسینؓ کے ساتھ کھڑا نہیں ہو سکتا۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی مروجہ پارٹیوں کی طرح نہیں بلکہ ہمارا مقصد اللہ تعالیٰ کے دیے گئے نظام کو غالب کرنا ہے۔ ہم اقامت دین کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، ہمارا مقصد پاکستان میں اسلامی نظام کا نفاذ ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کا حصہ اس لیے نہیں بنے کیوں کہ ہمارا مقصد ان جماعتوں سے الگ ہے۔ جب دنیا روس اور امریکا میں بٹی ہوئی تھی، جماعت اسلامی کے اکابرین اور رہنماؤں نے دین کی شمع کو بلند کیا اور کمیونزم اور کیپیٹلزم کے خلاف آواز اٹھائی، آج بھی معرکہ حق و باطل جاری ہے۔ حضور پاکؐ کے بعد دنیا میں کوئی نبی نہیں آئے گا، امت کے ہر شخص کی ذمہ داری ہے کہ وہ حضور پاکؐ کے مشن کو لے کر آگے بڑھے۔