لاہور(امت نیوز)وزیردفاع اور پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خواجہ آصف نےکہاہے کہ تحریک انصاف کو قومی اسمبلی میں آنے دیں جب آئیں گے تو دیکھیں گے، اعتماد کا ووٹ ضروری نہیں کہ ان کے کہنے پر لیں خود بھی لے سکتے ہیں، ہمارے نمبر اللہ کے فضل سے پورے ہیں
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ نواز شریف کے پاکستان آنے کی تیاری مکمل ہے، وکلا جب کہیں گے قانونی تیاری مکمل ہے نوازشریف پاکستان آ جائیں گے۔
خواجہ آصف نے بتایا کہ ناصر محمود کھوسہ سے رابطہ کیا تھا لیکن حکومت کے ساتھ کوئی مفاہمت نہیں تھی، نگراں وزیراعلیٰ کے لیے تمام اتحادیوں کے ساتھ آج فائنل کر لیں گے
خواجہ آصف کا کہنا تھا تحریک انصاف کو قومی اسمبلی میں آنے دیں جب آئیں گے تو دیکھیں گے، اعتماد کا ووٹ ضروری نہیں کہ ان کے کہنے پر لیں خود بھی لے سکتے ہیں، ہمارے نمبر اللہ کے فضل سے پورے ہیں، کوئی ہچکچاہٹ والی بات نہیں ہے، پنجاب اسمبلی توڑنے سے وفاق کو کوئی خطرہ نہیں ۔
ق لیگ کو تحریک انصاف میں ضم ہونے سے متعلق خبروں پر خواجہ آصف نے کہا کہ جہاں کا خمیر ہے وہاں پہنچ رہا ہے، ڈاکو چوروں کی چھتری کے نیچے اکھٹے ہو گئے۔
ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ ن لیگ دیوار سے نہیں لگے گی، سیاست میں اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے، ن لیگ کو نقصان نہیں ہوا، سوشل میڈیا سے لوگ زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔