لاہور(امت نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اس وقت جماعت اسلامی بلدیاتی الیکشن میں سب سے بڑی پارٹی بن کر سرفہرست آ چکی۔ جماعت اسلامی کے پولنگ ایجنٹوں کے نتائج واضح کرتے ہیں کہ جماعت اسلامی اکثریت میں ہے
منصورہ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ جماعت اسلامی کے ساتھ ساتھ باقی سیاسی جماعتوں کے انتخابی نتائج میں بھی ردوبدل کیا گیا۔ عوام اور کارکنوں سے اپیل کرتا ہوں کہ ملک کے بڑے شہروں میں مختلف جگہوں پر احتجاجی مظاہرے کیے جائیں۔
سراج الحق نے منگل کو مرکزی نظم کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں کراچی کے بلدیاتی انتخابات کے تناظر میں آئندہ کا لائحہ عمل دیا جائے گا۔
دریں اثناسیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ کراچی میں عوامی مینڈیٹ کو چرانے کی کوشش کی جس کے خلاف بھرپور مزاحمت ہو گی، کراچی کل بھی جماعت اسلامی کا تھا، آج بھی جماعت اسلامی کا ہے۔ ۔ کراچی میں جماعت اسلامی کا ہی میئر منتخب ہو گا، فتح ملک بھر کے عوام کے لیے روشنی کی امید ہے۔ استعمار کے وفاداروں نے ملک کو اندھیروں، غربت اور مہنگائی میں دھکیلا، تعصب، نفرت، جھوٹ اور کرپشن کی سیاست کا دور ختم ہونے والا ہے۔ گوادر کے بعد کراچی میں کامیابی اللہ کی مددونصرت اور کارکنوں کی محنت کا نتیجہ ہے، ان شاء اللہ کرپٹ حکمرانوں کو گھر بھیجیں گے اور ملک میں اسلامی نظام نافذ کریں گے۔ وہ لاہور میں ملتان چونگی پر مہنگائی کے خلاف مظاہرہ سے خطاب کر رہے تھے۔
امیر العظیم نے کہا کہ حکمرانوں اور فیصلہ سازوں پر واضح کرنا چاہتے ہیں کراچی میں عوامی فیصلہ پر ڈاکہ مت ڈالیں، کراچی اپنے اصل کی طرف لوٹ رہا ہے، عوام کو مہنگائی، غربت اور جہالت کے تحفے دینے والوں کا آئندہ الیکشن میں مکمل صفایا ہوجائے گا۔ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی سب ایکسپوز ہوگئے۔ ثابت ہوگیا کرپٹ ٹرائیکا نااہل ہے، ان کے پاس مسائل کا کوئی حل نہیں، 15 جماعتوں کی وفاقی و صوبائی حکومتیں مہنگائی کم کرسکیں نہ معیشت بہتر ہوئی۔ قوم ظالم جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کا ووٹ کی طاقت سے احتساب کرے۔ اللہ کی مددونصرت اور عوام کی تائید سے جماعت اسلامی ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالے گی، آنے والا دور اسلامی نظام کا ہے۔
امیر العظیم نے حکمرانوں کو خبردار کیا کہ اگر جماعت اسلامی کا کراچی میں راستہ روکا گیا تو صوبائی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں بھرپور احتجاج ہوگا۔