واشنگٹن :امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان کو سفارت کاری اور بین الاقوامی خدمات کے لیے ڈاکٹر مارٹن لوتھر کنگ جونیئر لیگیسی ایوارڈ دیا گیا۔
یہ ایوارڈ 50کی دہائی کے وسط میں امریکن بیپٹسٹ منسٹر ،شہری حقوق کے رہنما اور کارکن ڈاکٹر مارٹن لوتھر کنگ جونیئر کے نام سے منسوب کیا گیا جو گزشتہ روز انسٹی ٹیوٹ فار دی ایڈوانسمنٹ آف ملٹی کلچرل اینڈ مینارٹی میڈیسن(آئی اے ایم ایم ایم )کے زیراہتمام آنجہانی ڈاکٹر مارٹن لوتھر تکنگ جونیئر کی زندگی اور میراث کے لیے31ویں انٹرنیشنل سلیوٹ کے موقع پر پاکستانی سفیر مسعود خان کو دیا گیا۔
پاکستانی سفارتخانے کے مطابق ایوارڈ کی تقریب ویلارڈ انٹر کانٹی نینٹل واشنگٹن ڈی سی ہوٹل میں منعقد کی گئی جس میں امریکی ارکان کانگرس، سفارتکاروں کمیونٹی لیڈرز امریکی ماہرین تعلیم سمیت 150سے زائد افراد نے شرکت کی۔ یہ ایوارڈ ہر سال 15جنوری کو ڈاکٹر مارٹن لوتھر کنگ جونیئر کی سالگرہ کے موقع پر ان کے اعزاز میں منعقدہ تقریبات میں مختلف شخصیات کو دیا جاتا ہے۔ پاکستانی سفیر مسعود خان کو مارٹن لوتھر کنگ انٹرنیشنل سلیوٹ کا اعزازی چیئرمین بھی نامزد کیا گیا۔
رواں سال یہ ایوارڈ جن دیگر شخصیات کو دیا گیا ان میں امریکی ریاست میری لینڈ کے سینیٹر کرس وان ہولن، میری لینڈ کے سیکرٹری آف سٹیٹ جان ووبن ستمھ ،اے ایل ایس اے سی سینٹ جوڈ چلڈرنز ریسرچ ہسپتال کے صدر اور سی ای او رچرڈ شیڈیک اورکارپوریٹ سٹیزن شپ گیلیڈ سائنسز پبلک افیئرز کے پبلک افیئرز کے سینئر ڈائریکٹر شینیل میگ گوئے شامل ہیں۔ اس موقع پر پاکستانی سفیر مسعود خان نے ایوارڈ پر انسٹی ٹیوٹ فار دی ایڈوانسمنٹ آف ملٹی کلچرل اینڈ مائینارٹی میڈیسن(آئی اے ایم ایم ایم )کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے معروف شخصیت ڈاکٹرمارٹن لوتھر کنگ اور ان کے مشن سے وابستہ ہونا فخر کا باعث ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں دیا گیا اعزاز اصل میں پاکستان اور اس کے عوام کا اعزاز ہے۔ انہوں نےکورونا وائرس کی وبا کے بعدتقریب کے دوبارہ انعقاد اور ڈاکٹر کنگ کی زندگی اور کام کے اعزاز میں دن منانے پر مارٹن لوتھر کنگ(ایم ایل کے) جونیئر انٹرنیشنل سلیوٹ کی صدر اور سی ای او میڈیلن لائوسن کا بھی شکریہ ادا کیا۔
قبل ازیں پاکستانی سفیر مسعود خان نے اپنے ابتدائی خطاب میں عظیم امریکی رہنما کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے تنوع اور انسانی وقار کے احترام کو برقرار رکھنے کے لیے جبر اور بدحالی کا مقابلہ کیا۔آزادی، مساوات، اور انصاف سب کے لیے ڈاکٹر مارٹن لوتھر کنگ جونیئر کی میراث ہے جو دنیا میں کہیں بھی رنگ، نسل ، عقیدہ، جنس، قومیت کی بنیاد پر عدم مساوات اور امتیاز کا مقابلہ کرنے کا ایک نمونہ ہے، اس دن کو غیر منصفانہ جنگوں اور غیر قانونی قبضوں کے قہر سے متاثرہ افراد کو یاد کرتے ہیں ۔