اسلام آباد(امت نیوز)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللّٰہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے جن ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظورنہیں ہوئے وہ آکر اسپیکر سے واپس لے سکتے ہیں ۔وزیرداخلہ نے پنجاب میں ممکنہ انتخابات پر کہا کہ صوبے میں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کو الگ الگ الیکشن لڑنا چاہئے
قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے 35اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جو لوگ بڑھکیں مارتے تھے کہ استعفے دیے ہیں، ان سے متعلق اسپیکر نے فیصلہ کرلیا۔
اپنے بیان میں رانا ثنا اللّٰہ کا کہنا تھا کہ جن کے استعفے ابھی منظور نہیں ہوئے وہ آ کر اسپیکر کو کہیں کہ واپس لینا چاہتے ہیں۔جن ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور نہیں ہوئے وہ واپس آئیں، انہیں ویلکم کریں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ جن ارکان کے استعفے منظور ہوئے وہ عوامی سطح پر استعفے دینے کا کہتے رہے ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں وزیرداخلہ کا کہناتھاکہ پنجاب کے الیکشن میں پیپلزپارٹی اور ن لیگ کو الگ الگ میدان میں اترناچاہئے۔ دونوں نے ایک ساتھ مل کر الیکشن میں حصہ لیا تو پیپلزپارٹی کے ووٹ کسی اور جماعت پڑ سکتےہیں ۔ پنجاب میں ہم اکثریت حاصل کریں گے
رانا ثنااللہ نے دعویٰ کیاکہ موجودہ وفاقی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔عمران خان کو قومی اسمبلی میں اب پہلے کی طرح نہیں آنے دیں گے۔ وہ سیاسی عدم استحکام کے لیے قومی اسمبلی میں آئے تو ان کا راستہ روکیں گے