کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی نے حلقہ بندیوں اور اپنی مینجمنٹ کی وجہ نشستیں بڑھائی ہیں، کل ہم بہت بڑی کال دینے جا رہے ہیں۔ہم تحریک انصاف سے بات کرنے کے لئے ہر وقت تیار ہیں۔ یہ سوچ ختم ہوگئی ہے کہ مہاجرووٹ ایم کیو ایم کا ہے
نجی ٹی وی کو انٹرویو میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اکثریت پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کی ہے، لہٰذا میئر ہمارا ہی بننا ہے۔کراچی میں ہم جیت گئے ہیں، شہر نے جماعت اسلامی کے حق میں فیصلہ دیا، پیپلز پارٹی نے حلقہ بندیوں اور اپنی مینجمنٹ کی وجہ نشستیں بڑھائی ہیں، البتہ مجھے پیپلز پارٹی کے مینڈیٹ پر اعتراض نہیں، اب الیکشن ہوگیا، لیکن اگر حلقہ بندیاں ہوئی ہوتیں تو ہماری سیٹوں کی تعداد دگنی ہوتی۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور الیکشن کمیشن سے درخواست ہے کہ جن جگہوں پر پریزائیڈنگ افسران نے ہمیں فارم 11 اور 12 دیئے جن کے مطابق ہم جیت گئے تو آر او کے دفتر سے نتیجے کیسے تبدیل ہوسکتے ہیں؟
حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ ابھی سات حلقے موجود ہیں جہاں یہی کیس ہے، باقی اور حلقے ابھی نہیں چھیڑ رہا، اگر یہ 7 حلقے ہمارے پاس آجاتے ہیں تو ہماری نشستیں 95 اور پی پی کی 84 ہوجائیں گی، پہلے گنتی پوری کریں گے تو ہم بات چیت کریں گے۔
میئر شپ کے لئے اتحاد بنانے پر حافظ نعیم نے کہا کہ میں چاہتا ہوں شہر کی بہتری کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک پیج پر لیا جائے، کراچی کے عوام نے پی ٹی آئی کے اوپر ہمیں فوقیت دی، پی ٹی آئی کے دوستوں نے ہمارا خیرمقدم کیا،
ہمارے ہاں بھی مشاورت کا نظام ہے، ابھی بات چل رہی ہے، سب نے کہا کہ سات حلقوں کو کلیئر کرکے گنتی شروع کریں پھر بات چیت شروع کریں گے، اکثریت پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کی لہٰذا میئر ہمارا ہی بننا ہے۔ ہم تحریک انصاف سے بات کرنے کے لئے ہر وقت تیار ہیں
ووٹنگ ٹرن آؤٹ اور مہاجر ووٹ پر امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ اب مہاجر کو کو ایم کیو ایم سے ملانے کی بات ختم ہوجانی چاہئے، یہ سوچ ختم ہوگئی ہے کہ مہاجرووٹ ایم کیو ایم کا ہے، 2018 میں پی ٹی آئی کی کراچی میں فتح کے بعد یہ روایت ٹوٹ گئی تھی۔
آئندہ کے لائحہ عمل پر ان کا کہنا تھا کہ کل ہم آر اوز کے پاس جا رہے ہیں، کل ہم بہت بڑی کال دینے جا رہے ہیں، ابھی تو مخصوص سیٹس بھی ہوں گی، میئر کی بات بعد میں کریں گے