تعلقہ سیہون کا کافی حصہ سیلاب سے بری طرح متاثر ہو گا۔فائل فوٹو
تعلقہ سیہون کا کافی حصہ سیلاب سے بری طرح متاثر ہو گا۔فائل فوٹو

جماعت اسلامی جب آمادہ ہوگی،میئرکیلئے بات کریں گے، شرجیل میمن

 

جماعت اسلامی جب آمادہ ہوگی،میئرکیلئے بات کریں گے، شرجیل میمن

 

کراچی میں پیپلزپارٹی کی کامیاب تعجب کی بات نہیں،پی ٹی آئی کا ضمنی الیکشن میں ایک ایک سیٹ پر مقابلہ کریں گے، وزیراطلاعات سندھ

 

کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی عددی لحاظ سے پہلے نمبر پر ہے ، یہ آئینی ، قانونی اور اخلاقی طور پر پاکستان پیپلز پارٹی کا حق ہے کہ اپنا میئر لائے ، تاہم پیپلز پارٹی نے جماعت اسلامی سے بات چیت کرنے کی بات کی ہے ، جب جماعت اسلامی کی قیادت آمادہ ہوگی تو ان سے رابطہ کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے امیر جماعت کراچی حافظ نعیم الرحمان سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ اگر سندھ حکومت سے ان کے خدشات ہیں تو  ان کو دور کیا جائے گا ۔ ان کے جو الیکشن کمیشن سے مسائل ہیں اس پر الیکشن کمیشن سے رابطہ کریں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ آرکائیوز کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو کراچی میں کامیابی حاصل ہوئی ہے یہ کوئی تعجب کی بات نہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس اس کا ٹھوس جواز موجود ہے، سندھ حکومت نے ہر شعبہ میں کام کیا ہے، عوام سمجھتی ہے کہ پیپلز پارٹی ہی واحد جماعت ہے جو ڈیلیور کرتی ہے، اسی بنیاد پر کراچی کے عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی  کو اپنا مینڈیٹ دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے پچھلے 15 سال میں کون سا تیر مارا ہے کہ ان کو اتنی نشستیں مل گئیں ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی 2018 کے عام انتخابات میں ہار گئی تھی، اس سے قبل وہ 2013 اور 2008 میں بھی ناکام رہی ۔

انہوں نے کہا کہ تعجب تو ہمیں ہونا چاہیے کہ جس طرح جماعت اسلامی نے الیکشن مہم کے لئے سوشل ، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر لا محدود پیسہ خرچ کیا، ان کے پاس یہ پیسہ کہاں سے آیا  ۔ انہوں نے کہا کہ بچے کی ضد مانی جاسکتی ہے، لیکن بچے کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وہ پر امید ہیں جو بھی کراچی کا میئر آئے گا مثبت سوچ رکھنے والا ہوگا۔ کوئی بھی میئر آئے سندھ حکومت کراچی کی خدمت کے لئے اس کے ساتھ کھڑی رہے گی ۔ ہم چاہتے ہیں کہ کراچی کہ لوگوں کے مسائل حل ہوں ۔ عوام کا سیاست اور سیاستدانوں پر اعتماد بحال ہو ۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام بہت عرصہ کے بعد بہتر ہونے جا رہا ہے بلدیاتی نمائندوں کے پہلے سے اختیارات موجود ہیں اس میں مزید بہتری لائی جائے گی تاکہ منتخب نمائندے عوام کے مسائل بہتر طریقے سے حل کر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تمام منتخب نمائندوں کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ ہر حال میں عوام کی خدمت کرنی ہے ۔ جن لوگوں نے پاکستان پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے ان کی امیدوں پر پورا اتریں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کا ووٹ پاکستان پیپلز پارٹی پر قرض ہے اور پیپلز پارٹی کے نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ عوام کی خدمت کریں ۔ ماضی میں دھاندلی کر کے پاکستان پیپلز پارٹی کو لیاری سے شکست دینے کی کوشش کی گئی ، لیکن جب دھاندلی نہیں ہوئی تو بلدیاتی انتخابات میں لیاری کے عوام نے جواب دے دیا ۔ سندھ کے عوام نے عمران خان کے پاکستان مخالف اور ملکی اداروں کے خلاف بیانیہ  کو مسترد کردیا ۔ پی ٹی آئی کی شکست کا آغاز سندھ سے ہوچکا ہے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں  پی ٹی آئی کی شکست کا ٹرینڈ پورے ملک میں بڑھائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اس سلیکٹڈ کو سندھ کے عوام نے ریجکٹ کردیا ہے ، دوسرے صوبوں کے لئے بہت بڑا پیغام ہے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہمارے موقف کو تقویت ملی کہ ماضی میں دھاندلی کر کے غیر سیاسی لوگوں کو جتوایا گیا ، جو یونین کونسل کا الیکشن جیتنے کی اہلیت نہیں رکھتے ، انہیں ایم این اے ، وفاقی وزیر،ایم پی اے اور اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر بنوایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سب کو پتہ ہے کہ ماضی میں سیاسی انجینئرنگ کس نے کی ، اب وہاں سے پیغام آگیا ہے کہ مزید سیاسی انجینئرنگ کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی، پنجاب اور خیبرپختونخوا سے استعفے دے دیئے ہیں،  ان سے کہتا ہوں سندھ اسمبلی سے بھی استعفے دے دیں۔انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں ایک ایک نشست پر ان کا مقابلہ کریں گے اور انہیں عبرتناک شکست دیں گے۔