دونوں جماعتیں بات چیت کا سلسلہ جاری رکھیں گی۔۔فائل فوٹو
 دونوں جماعتیں بات چیت کا سلسلہ جاری رکھیں گی۔۔فائل فوٹو

بلدیاتی انتخابات پر شدید تحفظات ہیں۔حافظ نعیم الرحمان

کراچی: امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات پرہمیں شدید تحفظات ہیں۔

پیپلز پارٹی کے وفد سے ملاقات کے بعد صوبائی وزیر سعید غنی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا وفد ادارہ نورِ حق آیا، ملاقات میں بلدیاتی انتخابات میں تحفظات پر بات چیت ہوئی ہے۔

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ  پیپلزپارٹی کے وفد نے کہا ہے کہ وہ چیزوں کو دیکھیں گے۔اگر لگا حکومت اثر انداز نہیں ہورہی تو آگاہ کریں گے۔

امیر کراچی جماعت اسلامی نے کہا کہ الیکشن میں جو کچھ ہوا اس کی شکایات الیکشن کمیشن کو دیں، فارم 11،12 کے حصول کیلیے جدوجہد کرنی پڑی، الیکشن کمیشن شکایات کی سماعت 23 جنوری کو کرے گا۔

اس موقع پر سعد غنی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے جماعت اسلامی کو مبارکباد دیتا ہوں، جماعت اسلامی نے بلدیاتی انتخابات میں اچھی نشستیں حاصل کیں۔

پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی مل کرمسائل حل کریں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی کچھ شکایات ہیں، حافظ نعیم نے کل وزیراعلیٰ سے بھی گفتگو کی تھی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بہت سی چیزیں حکومت کے اختیار میں نہیں ہوتیں، پھر بھی جماعت اسلامی کے اعتراضات دور کرنے میں کردار ادا کریں گے۔

سعید غنی نے کہا کہ الیکشن کمیشن 23جنوری کو شکایات کی سماعت کرے گا، الیکشن کمیشن کے فیصلے کو تسلیم کریں گے، دونوں جماعتیں بات چیت کا سلسلہ جاری رکھیں گی۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ آر او، ڈی آر او حکومت فراہم کرتی ہے، جو جیت گیا ہے اس کی فتح تسلیم کی جائے، کوشش ہے کہ اختلافات کا اثر شہر کی فضا پر نہ پڑے، کوشش ہے کہ ساتھ مل کر چلیں، سیاسی جماعتوں میں کشیدگی نہیں ہونی چاہیے۔