اسلام آباد(امت نیوز)روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے پاکستان کو جنوبی ایشیا میں اہم شراکت دار قرار دیا ہے
پاکستان کے دورے پر آئے روس کے وزیر توانائی نے وزیراعظم شہباز شریف کو صدر ولادمیر پیوٹن کا خصوصی پیغام پہنچایا۔
روس کے صدر نے وزیراعظم پاکستان کے لیے اپنے پیغام میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی دلچسپی کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے روسی وزیر توانائی کی سربراہی میں وفد کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا
اعلامیے کے مطابق روسی وزیر توانائی نے وزیراعظم شہباز شریف کو روسی صدر ولادمیر پیوٹن کا خصوصی پیغام پہنچایا، روسی صدر نے پیغام میں پاکستان کو جنوبی ایشیا میں اہم روسی شراکت دار قرار دیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، اقتصادی امور پر تعاون میں پاک روس دلچسپی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
ملاقات میں اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے انرجی سیکٹر کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا اور روس کی جانب سے پاکستان کو طویل مدت بنیاد پر تیل و گیس کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے دوران گیس پائپ لائنوں سے متعلقہ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔