لندن(امت نیوز)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللّٰہ نے کہا ہے کہ ہوسکتا ہے پنجاب کے الیکشن 3ماہ میں نہ ہوں ۔مریم نوازبھی وزیراعلیٰ پنجاب بن سکتی ہیں ۔الیکشن میں نواز شریف مسلم لیگ (ن) کی قیادت کریں گے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ پنجاب کے الیکشن میں ن لیگ کامیابی اور اکثریت حاصل کرے گی، نواز شریف کی قیادت میں انتخابی مہم شروع کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز اگلے ہفتے پاکستان واپس جائیں گی۔ جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا مریم نواز وزیراعلیٰ پنجاب بن سکتی ہیں تو اس کے جواب میں رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ کیوں نہیں بن سکتیں
رانا ثنااللّٰہ کا کہنا تھا کہ ووٹ اور سپورٹ نواز شریف کی ہے، ان کی واپسی ضروری ہے، نوازشریف کا بھی دل یہی ہے کہ جلد وطن واپس جائیں۔
پنجاب میں اعتماد کے ووٹ پر گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللّٰہ نے کہا کہ گورنر کی آئینی ذمہ داری تھی کہ پرویز الہٰی کو اعتماد کے ووٹ کا کہتے
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے 12، 13 لوگ ان سے ناراض تھے ان سے حلف لے کر اعتماد کا ووٹ لیا گیا۔ 5 افراد ناراض رہے، دیگر سے انہوں نے حلف لے کر اعتماد کا ووٹ لیا۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ہمارے نمبرز پورے تھے اور پورے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی کی گرفتاری کا فیصلہ حکومت کا نہیں تحقیقاتی اداروں کا ہوگا۔ پاکستان تحریک انصاف والوں کے کرتوت سامنے آرہے ہیں۔ کیسز کی تحقیقات ہو رہی ہیں، اگر گرفتاری بنتی ہے تو ہوگی۔
رانا ثنااللّٰہ کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی پوری طرح کمیٹیڈ ہیں اور ن لیگ کے ساتھ ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ابھی پنجاب الیکشن کا شیڈول جاری نہیں ہوا، ہوسکتا ہے 3 ماہ میں نہ ہوں۔