ٹھٹھہ میں لاپتہ محکمہ تعلیم کے ملازم کے قتل کا انکشاف

ٹھٹھہ (نمائندہ امت) ایک ماہ قبل پراسرار طور پر گم ہونے والے محکمہ تعلیم کے ملازم مہر علی شاہ کو قتل کرنے کا انکشاف ہوا ہے، جھمپیر کے قریب لاش کوئلے کے کنویں سے نکالی گئی۔ محکمہ تعلیم کے لوئر ملازم مہر علی شاہ جو ایک ماہ قبل بینک سے پیسے نکال کر واپس جھمپیر جا رہا تھا تو پراسرار طور گم ہوگیا تھا جن کے ورثا مسلسل تلاش میں تھے اور جھمپیر تھانے پر مقدمہ بھی درج کروایا تھا۔ جھمپیر پولیس نے ابتدائی تفتیش کے دوران دو ملزمان غلام نبی اور نظر علی چانگ کو گرفتار کیا جنہوں قتل کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے پیسے لوٹنے کے چکر میں مہرعلی شاہ کو اغوا کر کے قتل کردیا تھا جس کی لاش جھمپیر کے قریب کوئلے کے کنویں میں پھینک دی تھی جن کی نشاندہی پر مقتول مہرعلی شاہ کی لاش پولیس نے ورثاء کے ہمراہ جائے وقوع پر پہنچ کر نکال کر سول اسپتال مکلی پہنچائی جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثا کے حوالے کی گئی۔