کراچی(امت نیوز)بینکوں کی جانب سے آئل کمپنیز کی پیٹرول امپورٹ ایل سیز کھولنے سے انکار کے بعدانڈسٹری ذرائع نے ملک میں پیٹرول کی قلت کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ دوسری طرف وزارت پیٹرولیم نے ملک میں تیل کی قلت کے امکان کو مسترد کردیا۔
صنعت سے وابستہ ذرائع کاکہناہے کہ دو جہازوں سے پیٹرول آرہا ہے، اس کے بعد پیٹرول امپورٹ نہیں ہوگا۔ایل سیز نہ کھلیں تو فروری کےآغاز سے پیٹرول کی قلت ہوسکتی ہے، 10 دن سے ایل سیز کھلوانے کی کوشش کامیاب نہ ہوسکیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی ڈیزل کی سپلائی بڑھنے کے سبب ڈیزل مناسب مقدار میں موجود ہے
دوسری جانب وزارت پیٹرولیم نے ملک میں تیل کی قلت کے امکان کو مسترد کردیا ہے
وزارت کا کہنا ہے کہ پی ایس او کے پاس پیٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کا مناسب ذخیرہ موجود ہے، اس کے علاوہ تیل ترسیل کرنے والی کمپنیوں کے پاس بھی پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ ہے
وزارت پیٹرولیم نے عوام سے اپیل کی کہ افواہوں، قیاس آرائیوں اور گمراہ کن اطلاعات پر کان نہ دھریں۔
پاکستان اسٹیٹ آئل نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک میں تیل ذخائر تسلی بخش سطح پر موجود ہیں، ہمارے پاس تیل کے وافر ذخائر موجود ہیں