لندن (امت نیوز)وفاقی وزیر داخلہ راناثنا اللہ نے کہا ہے کہ نواز شریف کی واپسی قانونی رکاوٹیں دور ہونے کے بعد ہوگی، جنرل باجوہ اورجنرل فیض نے بھی مان لیا کہ عمران کو لانا ان کی غلطی تھی، مریم نواز لندن سے 26 جنوری کو روانہ ہوکر 27 کو پاکستان پہنچیں گی
لندن میں میڈیا سے گفتگو میں وزیرداخلہ نے کہا کہ نوازشریف کی وطن واپسی میں قانونی موشگافیاں حائل ہیں جنہیں دور کیا جارہا ہے ، ان کی واپسی باعزت ہوگی ۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے گوجرانوالہ میں جو کہا اب وہ جنرل باجوہ اورجنرل فیض بھی مان رہے ہیں کہ دھاندلی سے عمران کو لانا ان کی غلطی تھی ، جس سے ملکی معیشت تباہ ہوئی ۔
رنا ثنااللہ نے بتایا کہ ن لیگ الیکشن میں بھرپور تیاری کے ساتھ حصہ لے گی، نواز شریف نے الیکشن سے متعلق ابتدائی انتطامات اور معاملات پر مشاورت کی ہے جبکہ انہوں نے پاکستان میں بھی لوگوں سے ویڈیو لنک پر مشورہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی بورڈ سے متعلق نوازشریف نے نام تقریباً فائنل کر لیے ہیں، پارلیمانی بورڈ ہی فیصلہ کرے گا کہ کہاں سے کس نے الیکشن لڑنا ہے ، بورڈ کی صدارت میاں نوازشریف خود کریں گے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ امیدوار کو ٹکٹ پارلیمانی بورڈ دے گا ،ماضی میں بھی ہر امیدوار کا انٹرویو نوازشریف کرتے تھے، ہماری تجویز ہے کہ الیکشن مہم کے لیے چھ سات سینیئر افراد اپنے عہدے سے استعفیٰ دیں
انہوں نے تصدیق کی کہ مریم نواز لندن سے 26 کو روانہ ہوکر 27 کو پاکستان پہنچیں گی جس کے بعد یکم فروری سے وہ پنجاب اور کے پی میں الیکشن سے متعلق سیاسی سرگرمیاں شروع کریں گی ۔