اعظم خان خیبرپختونخوا کے نگراں وزیراعلیٰ منتخب،اعلامیہ جاری

پشاور: اعظم خان خیبرپختونخوا کے نگراں وزیراعلی منتخب ہوگئے گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے تعیناتی کا اعلامیہ جاری کردیا ہے۔

گزشتہ روز ہی نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے تقرر کے لئے محمودخان اور اپوزیشن لیڈر کے پی اسمبلی اکرم درانی کے درمیان اتفاق ہوگیا تھا۔

نگراں وزیراعلیٰ کے پی کے نام پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مشاورت اسپیکر ہاؤس میں ہوئی جہاں پی ٹی آئی رہنما پرویز خٹک بھی شریک تھے۔

نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے لئے حکومت اور اپوزیشن نے اعظم خان کے نام پر اتفاق کیا، اعظم خان کئی سرکاری عہدوں پر اپنے فرائض سر انجام دے چکے ہیں۔

پشاور میں محمودخان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرس کرتے ہوئے اکرم درانی نے کہا تھا کہ اتفاق رائے سے اعظم خان کا نام بذریعہ خط محمود خان اور میں خود دستخط کرکے اسپیکر اسمبلی کو بھیجیں گے، پرویز خٹک بھی اعظم خان کو جانتے ہیں اور ہماری کوشش تھی کہ کوئی متنازع نام نہ دیا جائے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا کہ پہلی بار نگراں وزیراعلیٰ کا نام اتفاق رائے سے دیا، ہم نے 3 اور اکرم درانی نے 2 نام دیئے تھے، پرویز خٹک سے مشاورت کرکے اتفاق کیا کیونکہ یہ اعظم خان کو بہتر جانتے ہیں۔

محمود خان کا کہنا تھا کہ بہتر یہ تھا کہ عوامی نمائندے بیٹھ کر فیصلہ کریں، معاملہ الیکشن کمیشن جاتا تو بہتر نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ اعظم خان کے نام پر لیڈرشپ سے بھی مشاورت کی، اعظم خان وزیر داخلہ اور خزانہ رہ چکے ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران صحافی کے پی ڈی ایم سے مشاورت ہونے کے سوال پر محمود خان نے جواب دیا کہ میں اور اکرم درانی دونوں اعظم خان پر متفق ہیں، اب جب میاں بیوی راضی تو کیا کرے گا قاضی۔