لاہور(امت نیوز)سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہاہے کہ پنجاب میں نگراں وزیراعلیٰ کے لیے اپوزيشن نے جو نام دیے ہیں وہ زرداری اور شہباز شریف کے فرنٹ مین ہیں، ایک نام وہ ہے جو ان کے خلاف رجیم چينج میں ملوث تھا، الیکشن کمیشن ایسا آدمی لگائے گا تو قبول نہیں کریں گے۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی میں الیکشن تو ہوا ہی نہیں، کراچی کے لوگ سب سے زیادہ شعور والے ہیں، یہ لوگ کیسے پیپلز پارٹی کو منتخب کر سکتے ہیں؟
عمران خان کا کہنا تھا کہ ایسے الیکشن کرانے سے بہتر ہے الیکشن مت کرائیں، الیکشن کمیشن کو نیوٹرل ہونا چاہئے تھا، انہوں نے ہمارے خلاف بھی 7 سے 8 بار غلط فیصلے دیئے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن میں پولیس، انتظامیہ سب دھاندلی میں ملوث ہیں، کراچی تو اب کھنڈر بن چکا ہے، میں ٹھیک ہونے کے بعد سندھ آؤں گا
خود پر حملے سے متعلق پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ مجھے پہلے ہی پتا تھا مجھ پر حملہ ہو سکتا ہے، حملے کے بعد میں ایف آئی آر تک نہیں کٹوا سکا، یہاں انصاف بالکل ختم ہوچکا ہے، جب تک نظام ٹھیک نہیں ہوگا، معیشت ٹھیک نہیں ہوگی۔
اسٹیبلشمنٹ اور سابق آرمی پر بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ ابھی بھی نیوٹرل ہوئی ہے اور نہ میری نئے آرمی چیف سے ملاقات ہوئی، البتہ جنرل (ر) باجوہ نے ایکسٹینشن کے بعد شریفوں سے سودا کیا اور اس کے بعد حکومت نے تمام اداروں کو تباہ کردیا۔