مری(اُمت نیوز)مری میں برفباری کے دوران آسمان سے گرتے سفید موتی دیکھ کر سیاح ہوٹلوں سے باہر نکل آئے ۔برفباری نے ملکہ کوہسار مری ، نیلم ویلی اور سوات کے سیاحتی مقامات نے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔ چھٹی والا دن ، ہر طرف سفیدی، سہانا موسم اور سیاحت کی رونقیں پوری آب و تاب سے بحال ہیں، مری میں رات گئے تک لوگ سڑکوں پر موسم سے لطف اندوز ہوتے رہے۔،کچھ دیر وقفے کے بعد صبح برف پھر پڑنا شروع ہوگئی جس سے ہوٹلوں میں مقیم سیاح باہر نکل آئے ۔
دوسر ی جانب گورکھ ہل اسٹیشن پر 2 سال بعد ہلکی برفباری سے درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گرگیا ہے۔برفباری کا سلسلہ استور اور دیامر میں نہ تھم سکا ،سڑکوں پر برف کی موٹی تہہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،رابطہ سڑکیں بند ہونے سے خوراک کی بھی قلت ہے۔ وادی لیپا،نیلم، باغ، راولاکوٹ اور حویلی کے بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث متعدد شاہراہیں بند ہوگئیں۔