کوئٹہ(اُمت نیوز)کوئٹہ میں لشکری رئیسانی، مصطفیٰ نواز کھوکھر، مفتاح اسماعیل اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ تمام مسائل کا حل آئین میں موجود ہے۔ ملکی سیاسی صورتحال کےذمہ دار سیاستدان، فوجی، بیوروکریٹ، اور میڈیا سمیت ہم سب ہیں،۔
انہوں نے کہا کہ آج کی سیاست دشمنی کی سیاست بن چکی ہے، ایک دوسرے کو گالی اور الزام لگانے کا نام سیاست ہے۔ایسی سیاست کرنے سے ملک مسائل سے نہیں بچ سکتا ہے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ کوئٹہ سے ایک فورم کی ابتداء کی جا رہی ہے جس میں سب مسائل پر بات ہوچکی ہے۔ ٹی وی اور اخبارات میں بتائے جانے والے حقائق درست نہیں ہیں۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا اس وقت ملک کو سیاسی استحکام کی اشد ضرورت ہے، معیشت، سیاست اور دیگر مسائل کا حل آئین میں موجود ہے، جو خرابیاں دس سے بیس سال میں پیدا ہوئیں وہ 8 ماہ میں ٹھیک نہیں ہو سکتیں، موجودہ مسائل کے ذمہ دار ہم سب ہیں، عدلیہ بھی ان فیصلوں کو دیکھے جس کے اثرات ملک پر پڑے۔
ان کا کہنا تھا ملک کے حقائق بہت تلخ ہیں، پاکستان کے پاس مسائل کو کوئی معجزاتی حل نہیں ہے، اگر ہم سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر ملکی مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے آئین کے مطابق تمام فیصلے کریں تو ان مسائل چھٹکارا پایا جا سکتا ہے
ایک روز قبل کوئٹہ میں قومی ڈائیلاگ کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں ہم سب سے غیر جماعتی بنیادوں پر ملکی مسائل سے متعلق گفتگو کی۔