مینگورہ، بنڑپولیس اسٹیشن میں فائرنگ سے زیر حراست نوجوان جاں بحق

سوات(بیورورپورٹ)مینگورہ میں بنڑ پولیس اسٹیشن کے اندر زیرحراست نوجوان فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا۔ رشتہ داروں نے بنڑ پولیس اسٹیشن کے سامنے دھرنا دیکر پولیس پر نوجوان کو قتل کرنے کا الزام عائد کردیا ۔ ایک اہلکار کو گرفتار کرلیا گیا ۔
مینگورہ کے علاقے لطیف آباد میں جواں سال طالب علم عبید خان کو پولیس سے الجھنے اور چھیڑخانی کرنے پر گرفتار کیاگیا
جسے پولیس نے بنڑ پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا۔جہاں وہ گولی لگنے سے چل بسا جس کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے سیدوشریف اسپتال منتقل کردیا گیا۔ نوجوان کے مبینہ قتل کی خبر سنتے ہی عبیدخان کے رشتہ داروں نے بنڑ پولیس اسٹیشن کے سامنے روڈ بلاک کرکے دھرنا دیدیا اور پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے نوجوان کو قتل کرنے کا الزام عائد کردیا ۔ ڈی پی او سوات شفیع اللہ گنڈاپور نے نوجوان کی تھانے کے اندر موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کے تقاضوں کو پورا کریں گے اور کسی صورت ناانصافی نہیں کی جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ لواحقین کی رپورٹ پرایک اہلکار کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ مزید انکوائری کرکے ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔