کراچی (امّت ڈیجیٹل )16 گھنٹے گزرنے کے باوجود کراچی کے 60 فیصد علاقے بجلی سے محروم ہیں۔کے الیکٹرک کے مطابق انہیں نیشنل گرڈ سے 11 سو میگاواٹ بجلی بحالی کا انتظار ہے اور کراچی شہر کی مکمل بجلی منگل کی صبح تک بحال ہوگی۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق کمپنی حکام نیشنل۔گرڈ سے بجلی کی بحالی کیلئے رابطے میں ہیں۔ دوسری طرف ماہرین کا کہنا ہے کہ کراچی میں موسم سرما میں بجلی کی طلب گرمیوں کے مقابلے میں آدھی رہ جاتی ہے ۔ کے الیکٹرک جو بجلی پیدا کرنے کا دعوی بھی کرتی ہے ، اس کے باوجود نیشنل گریڈ پر مکمل انحصار کئی سوالات کو جنم دیتا ہے .ذرائع کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کے 70 میں سے 50 گرڈ اسٹیشنز 16 گھنٹے گزرنے کے باوجود آف تھے۔ذرائع کے مطابق بن قاسم پاور اسٹیشن آئی لینڈ موڈ پرہے جبکہ ٹپال اور گل احمد انرجی سمیت دیگر پاور پروڈیوسرز سے 230 میگاواٹ بجلی لی جارہی ہے جس سے حساس تنصیبات ۔ ہاسپٹلز ایئرپورٹس بندرگاہ اور سرکاری تنصیبات کو بجلی فراہم کی جارہی ہے جب کہ شہر کے کئی حصوں میں اس وقت بھی بلیک آئوٹ کی صورتحال ہےکے الیکٹرک کے ذرائع کے مطابق بجلی بحالی کا عمل رات ایک بجے سے صبح 8 بجے تک مکمل ہوگاجبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ این ٹی ڈی سی سے 11 سو میگاواٹ بجلی بحال نہ ہوئی تو کل صبح تک بھی کراچی میں مکمل بجلی بحال نہیں ہوسکے گی۔
ادھر کے الیکٹرک نے قیوم آباد سمیت کئی علاقوں میں بجلی بحال کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ شہر کے بعض علاقوں میں بوسیدہ نظام کے باعث بجلی بحال ہوکر دوبارہ چلی گئی ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ حساس تنصیبات سمیت اہم مقامات کی بجلی بحال کردی گئی ہے۔