سندھ میں سرکاری ملازمت کیلئے عمر کی حد میں 15سال کی رعایت

کراچی(امت نیوز) سندھ حکومت نے سرکاری ملازمت کے لیے عمر کی حد میں 15 سال رعایت کا اعلان کردیا ۔جس کے بعد اب سندھ میں سرکاری ملازمت کے لیے زیادہ سے زیادہ عمر کی حد 28سال سے بڑھا کر43سال کردی گئی ہے

سرکاری نوکری کے لیے عمر کی 28 سال تک مقرر ہے، 28 سے بڑی عمر کے افراد اہل ہونے کے باوجود بھی سرکاری نوکری حاصل نہیں کرسکتے تاہم سندھ حکومت نے اس قانون میں سختی ختم کرتے ہوئے سرکاری ملازمت کے خواہش مند  افراد کیلئے 15 سال کی حد عمر میں رعایت دے دی ہے۔

ایس جی اے اینڈ سی ڈی نے اس حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق پبلک سروس کمیشن اور پولیس کی بھرتیوں پر یہ نوٹیفکیشن لاگو نہیں ہوگا، پبلک سروس کمیشن اور پولیس میں بھرتیوں کے سوا دیگر محکمے عمر کی حد میں رعایت دینے کے پابند ہوں گے۔

قبل ازیں بھی سندھ حکومت نے سرکاری نوکری کیلئے عمر کی حد میں رعایت دی تھی جو کہ 30 جون 2022ء کو ختم ہوگئی تھی، بعد ازاں ایک بار پھر سندھ حکومت نے  سرکاری ملازمت کیلئے حد عمر میں رعایت دی ہے جو 30 جون 2024ء تک جاری رہے گی۔