آئی ایم ایف نے قرض بحالی پروگرام کی بحالی کیلئے وفدبھیجنےکااعلان کردیا

اسلام آباد(امت نیوز)پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان قرض پروگرام کی بحالی میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔آئی ایم ایف نے 9 ویں اقتصادی جائزہ مذاکرات کے لیے وفد پاکستان بھیجنے کا اعلان کردیا۔ آئی ایم ایف کی نمائندہ ایستر پیریز روئز نے وفد بھیجنے کی تصدیق کردی۔

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ  کا مشن 31 جنوری کو پاکستان پہنچے گااور 9 فروری تک پاکستان میں قیام کرے گا۔

ایسٹر  پیریز  نے کہا ہے کہ وفد پاکستان کی مالی پوزیشن بہتر بنانے پر بات کرے گا، سیلاب متاثرین کی بحالی کے اقدامات پر بھی بات ہو گی، انرجی سیکٹر میں گردشی قرضے کم کرنے کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ کرنسی مارکیٹ میں ایکسچینج ریٹ کے ذریعے کرنسی کی کمی دور کرنے پر بھی بات کی جائے گی

نویں جائزے کیلئے آئی ایم ایف کا وفد 31 جنوری کو پاکستان آکر 9 فروری تک یہیں رہے گا۔

خیال رہے کہ 24 جنوری کو پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان تکنیکی سطح پر ورچوئل مذاکرات میں حکومت نے پیٹرولیم لیوی اور گیس کی قیمت بڑھانے کی یقین دہانی کی ہے۔

واضح رہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے بجلی کی قیمت میں 10 روپے فی یونٹ سے زیادہ اضافے کا مطالبہ کیا گیا ہے جبکہ پیٹرولیم پر17 فیصد جی ایس ٹی کی تجویز دی گئی ہے۔