کراچی(امت نیوز)دیگر چیزوں کی طرح اب ملک میں دال کا بھی کال پڑنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ۔کراچی کے ہول سیلرز نے خبردار کیا ہے کہ اگر پورٹ پر موجود دالوں کو فوری کلئیرنس نہ ملی تو ملک میں دالوں کی قلت ہوجائے گی۔
ہول سیل ڈیلرزکے مطابق ہول سیل مارکیٹ میں دالوں کا اسٹاک صرف 15 دن کا رہ گیا ہے
ہول سیل ڈیلرز کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قیمت بڑھنے کے باوجود ہمارے کنٹینر ریلیز نہیں کئے جارہے ہیں، پورٹ پر دالوں کے ہزاروں کینٹینرز پھنسے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے مارکیٹ میں دالوں کی قلت ہوگئی ہے۔
ڈیلرز کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک قریب ہونے کی وجہ سے دالوں کی مانگ میں اضافہ ہوجاتا ہے اور اب رمضان میں اجناس کی قلت کا خدشہ ہے کیوں کہ درآمدی اجناس کے کنٹینر پر تاحال ڈیمرج معاف نہیں ہوا اور ڈیمرج اور ڈیٹینشن کی وجہ سے اجناس کی لاگت میں 25 فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اجناس کے کنٹینرز بروقت کلیئر کیے جائیں تو دالوں کی قیمت میں 100 روپے کلو تک کی کمی لائی جاسکتی ہے۔
امپورٹرز نے شکایت کی کہ پورٹ چارجز جو معاف کرنے کا اعلان کیا گیا تھا اس پر بھی ابھی تک عمل درآمد نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ دالوں کی قیمت میں 25 فیصد ڈیٹینشن اور ڈیمرجز کا اضافہ اور ڈالر بڑھنے سے بھی قیمتوں میں اضافہ ہوچکا ہے