بات چیت سیاست دانوں سے ہوتی ہے،چوروں سے نہیں،فرخ حبیب

لاہور(امت نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ بات چیت سیاست دانوں سے ہوتی ہے، ڈاکوؤں اور چوروں سے نہیں، کرپشن کے سائے تلے، آصف زرداری، شہباز شریف اور فضل الرحمان  ایک ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں فرخ حبیب نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی جان کو سب سے زیادہ خطرہ ہونے کے باوجود سیکیورٹی واپس لے لی گئی

فرخ حبیب نے کہا کہ مجھ پر درج کیس میں ناقابل ضمانت دفعات لگائی گئی ہیں، نگراں حکومت نے ثابت کردیا کہ وہ وفاق کی بی ٹیم ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ پنجاب میں جو ہو رہا ہے، وہ آئین کے خلاف ہے، وہ کون ہے جو آئین اور قانون سے بالا ہے اور الیکشن نہیں کرانا چاہتا۔

فرخ حبیب نے یہ بھی کہا کہ فواد چوہدری کو بغیر وارنٹ اٹھایا گیا جبکہ شہباز گل اور اعظم سواتی پر تشدد ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 9 ماہ میں جو ہوا وہ آمریت میں بھی نہیں ہوا، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں فوراً انتخابات کا شیڈول جاری کیا جائے۔