پشاور(امت نیوز)خیبرپختونخوا کے نوجوان بیوروکریٹ کے دفتر کے بار لگے نوٹس کی تصاویر ان دنوں سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہیں ۔ جس کی وجہ ہے اس نوٹس پر درج منفرد عبارت
فیس بک اور ٹوئٹر پر شیئر کی گئی تصاویر میں نمایاں ہے کہ ایک دفتر کے باہر لگی تختی پر ’وزیراعلٰی کے اسپیشل سیکریٹری‘ کا عہدہ اور دوسری جانب دروازے پر نوٹس لگا ہے۔
عادل سعید صافی کی نیم پلیٹ کے قریب لگے ہوئے نوٹس پر لکھا ہے کہ اندر آنے کے لیے اجازت کی ضرورت نہیں ۔
اپنی نوعیت کی اس منفرد دعوت کو دیکھنے والوں نے خوشی کا اظہار کیا تو سوشل میڈیا صارفین نے عادل سعید صافی اور ان کے دفتر کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے انہیں اس پر سراہا بھی۔
عادل سعید صافی اس سے قبل سابق وزیراعظم عمران خان کے دفتر میں ڈپٹی سیکریٹری ٹو پی ایم کی حیثیت سے بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ انہیں خیبرپختونخوا میں متعدد پالیسی سطح کی جدتوں کا معمار اور گزشتہ دور حکومت میں متعارف کرائے گئے پاکستان سٹیزن پورٹل کا کریڈٹ بھی دیا جاتا ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں عادل سعید صافی نے کہا کہ دفتر کے باہر لگی یہ تصویر پہلی مرتبہ کی نہیں۔ ماضی کے دفاتر اور میرے موجودہ دفتر (پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ یونٹ) کے باہر بھی یہ نوٹس آویزاں رہتا ہے۔
ایسا کیوں کرتے ہیں؟ کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میری ملازمت، میری تنخواہ، مجھے دستیاب سہولیات سب کی سب عوامی ٹیکسوں کی رقم سے مہیا ہوتی ہیں، ایسے میں اگر میں یہ نہ کروں تو یہ بددیانتی ہو گی۔